جنوبی ایشیا کو ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا :چیئرمین سینیٹ

 جنوبی ایشیا کو ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہوگا :چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ،نیوزرپورٹر ، دنیا نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے ، وقت کے تقاضوں کے مطابق ہمیں بھی خود کو بدلنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کو مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے ، ہمیں مل کر خطہ کو پر امن بنانا ہے ، ہمارا مشن ملک میں عدل سے بھرپور معاشرہ، سماجی، معاشی اور معاشرتی ترقی ہے ، ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جہاں سیاسی استحکام ہو ۔ عالمی چیلنجز سے نمٹنے سے متعلق مارگلہ ڈائیلاگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کے چیلنجز کا اجتماعی بصیرت اور دانش سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے ، تیزی سے بدلتی دنیا کے تقاضوں کے پیش نظر ہمیں فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلسطین میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے ، عدم عالمگیریت کے باعث دنیا میں نئے اتحاد بن رہے ہیں، نئے اتحادوں نے اقوام متحدہ اور ڈبلیو ٹی او جیسے عالمی اداروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ،عالمی طاقتوں کے درمیان مقابلے سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں ۔ دریں اثنا چیئرمین سینیٹ نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا ،صدر چیمبر عثمان شوکت نے جاری سرگرمیوں بارے بریفنگ دی، مزید برآں آر سی سی آئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ کہا کہ کاروباری برادری ملکی معاشی ترقی میں اہم کرداراداکرتی ہے ،مستحکم معاشی پالیسی سے سرمایہ کاروں میں اعتماد بڑھے گا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں