سپریم کورٹ:آئینی بینچ آج18کل 16مقدمات کی سماعت کریگا

سپریم کورٹ:آئینی بینچ آج18کل 16مقدمات کی سماعت کریگا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ عام انتخابات 2024ء ری شیڈول کرنے کی درخواست سمیت متعدد کیسز پر آج سماعت کرے گا، درخواست میں انتخابات فروری سے مارچ کے پہلے ہفتے میں منتقل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے (آج) 14اور (کل)15 نومبر کیلئے چھ رکنی بینچ کی کاز لسٹ جاری کردی،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں چھ رکنی آئینی بینچ آج سے کیسز کی سماعت کرے گا،آج 14 نومبر کیلئے 18 اور کل 16 مقدمات آئینی بینچ میں سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں۔ آئینی بینچ کے لیے پہلا کیس انسانی حقوق سے متعلق ہے جو 1993 میں دائر کیا گیا، دوسرا کیس 2003 میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق لیاگیا ازخود نوٹس ہے ، تیسرا کیس 2016 سے زیر التوا ماحولیاتی آلودگی کا معاملہ ہے ، چوتھا کیس 2012 کا نارکوٹکس سے متعلق ہے ، پانچواں اور چھٹا کیس ڈپٹی کمشنر کراچی کی تقرری سے متعلق ہے ، ساتواں کیس 2014 میں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کا نظرثانی معاملہ ہے ، 8 واں کیس چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ میں قاضی فائز عیسیٰ کی براہ راست تقرری پر نظرثانی کا ہے ، پندرہ نومبر کو پاکستانی شہریوں کے غیر ملکی اکا ئونٹس کے بارے میں 2018 میں لیے ازخود نوٹس، وفاقی محتسب یاسمین عباسی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے جج کو توہین عدالت نوٹس جاری کرنے کا کیس، گلوکارہ میشا شفیع ہراسگی کیس، کنونشن سنٹر کے نجی استعمال پر بانی پی ٹی آئی کیخلاف ازخود نوٹس، انسداد دہشتگردی کے بارے میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر ازخود نوٹس، لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام سے متعلق ازخود نوٹس، شمالی علاقہ جات میں ٹیکس کے نفاذ سے متعلق حبیب وہاب الخیری کی 2000 میں دائر 184 تھری کے تحت درخواست اور خواجہ محمد آصف بنام وفاق پاکستان (جے جے وی ایل)کیسز کی سماعت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں