تعلیمی اداروں کی نجکاری خطر ناک،نوجوانوں کو مزاحمت کرنا ہوگی:حافظ نعیم الرحمٰن

تعلیمی اداروں کی نجکاری خطر ناک،نوجوانوں کو مزاحمت کرنا ہوگی:حافظ نعیم الرحمٰن

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اصل سرمایہ ہیں، مایوس ہونے کی بجائے جو لوگ ملکی خزانوں پر سانپ بن کر بیٹھے ہیں انہیں جدوجہد سے ہٹائیں۔دو فیصد ایلیٹ طبقہ وسائل ہڑپ کر رہا ہے۔

 یہ لوگ پہلے اداروں کو تباہ کرتے اورپھر ان کو بیچنے کیلئے بولیاں لگاتے ہیں۔ پنجاب حکومت 13ہزار سکول این جی اوز کے حوالے کررہی ہے جو ملک و قوم کیلئے خطرناک ہے ۔ نوجوان اس کیخلاف بھی مزاحمت کریں، اپنی تعلیم اور نسل کو بچانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام 9ویں الخدمت یوتھ گیدرنگ کے اپنی دنیا آ پ پیداکرمیگاایونٹ سے خطاب میں کیا۔مقصدنوجوانوں کو والنٹیئرازم کی اہمیت سے روشناس کرانا اور یہ باورکرواناتھا کہ وہ کیسے دکھی انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ یوتھ گیدرنگ کا دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالے ہیروز کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈزدیئے گئے ۔

صدرالخدمت فاؤنڈیشن پروفیسرڈاکٹرحفیظ الرحمن، سیکرٹری جنرل وقاص جعفری، چیئرمین والنٹیئرپروگرام و مرکزی نائب صدرڈاکٹر مشتاق مانگٹ دیگرنے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا بدقسمتی سے 2کروڑ62لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں جو تعلیم سے ملک کاسرمایہ بن سکتے ہیں۔ تعلیم کوکاروبارنہیں بننا چاہیے ، ہرنوجوان کو یکساں تعلیمی نصاب واداروں سے تعلیم ملنی چاہیے ۔ حکمران پڑوسی ملک سے تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن انکے اچھے اقدامات کواختیارنہیں کیا جاتا، آئی ٹی سیکٹر میں پڑوسی ملک ہم سے بہت آگے ہے لیکن ہمیں انٹرنیٹ بندش سمیت دیگرغلط حکومتی پالیسیوں کا سامنا ہے ، جس سے آئی ٹی سیکٹرتباہی کا شکارہے ، ہم اپنے حصے کی شمع جلا کر بنوقابل پروگرام کے ذریعے 10لاکھ نوجوانوں کوآئی ٹی ودیگرشعبوں میں کورسزسے اس قابل بنائینگے کہ وہ نوکری کی بجائے سینکڑوں نوجوانوں کوروزگاردینے کے قابل بنیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں