9 مئی مقدمات: شاہ محمود سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم، جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران سمیت نامزد ملزموں کے باہر جانے پر پابندی

9 مئی مقدمات: شاہ محمود سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم، جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران سمیت نامزد ملزموں کے باہر جانے پر پابندی

لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی(کورٹ رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے، خبرنگار)لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی منصوبہ بندی کے الزام پرمقدمے میں پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 21 ملزموں پر فرد جرم عائد کردی جبکہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت تمام ملزموں کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی گئی۔

خصوصی عدالت کے جج منظر گل نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی۔ ملزموں کے وکیل برہان معظم نے دلائل دئیے ۔شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چودھری و دیگر کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔ ملزموں نے صحت جرم سے انکار اور 9مئی منصوبہ بندی سے لاعلمی کا اظہار کیا جسکے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی و دیگر پر فرد جرم عائد کردی اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا ۔پراسکیوشن نے مقدمات کے چالان کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کیں جسکے بعد تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ، ریس کورس ،عسکری ٹاور مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سانحہ نو مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو انسپکشن نوٹ کی کاپی فراہم کر دی گئی ۔ 25 نومبر کو فرد جرم عائد ہونے کا امکان ۔23 ملزموں کو اشتہاری قرار دیکر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ۔جائیداد ضبطگی کی بھی کارروائی شروع کر دی گئی ۔تمام ملزموں کے بیرون ملک سفر پر پابندی لگا دی گئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد شاہ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی ۔بانی پی ٹی آئی نے جی ایچ کیو حملہ کیس کا انسپیکشن نوٹ خود وصول کیا ۔ کیس میں 25 نومبر کو ملزموں پر فرد جرم عائد ہو گی اس مقدمہ میں 23 ملزموں کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے جن میں شہباز گل مراد سعید حماد اظہر اور زلفی بخاری بھی شامل ہیں ۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں 120 ملزم ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں ۔

عدالت نے ملزموں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ڈی جی امیگریشن کو خط بھجوا دیا ۔ تمام ملزموں کے پاسپورٹس کو عدالت کی اجازت سے مشروط کر دیا گیا ۔ بیرون ملک جانے کی پابندی میں بانی پی ٹی آئی، عمر ایوب ،صداقت عباسی راجہ بشارت، شبلی فراز ، میجر طاہر صادق ،عمر تنویر سمیت 120 ملزم شامل ہیں۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ2 کیس کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ،فرد جرم عائد نہ ہو سکی سماعت اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔ بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے عدالت پیش کیا گیا ۔ وکلا نے بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی اور لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا ۔ پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے مخالفت کی اور استدعا کی کہ میڈیکل رپورٹ پر نہ تو کوئی سیریل نمبر ہے اور نہ ہی دستخط ،عدالت نے بشری ٰبی بی کو 21 نومبر کو حاضری یقینی بنانے کا نوٹس جاری کر دیا اور حکم دیا کہ سماعت پر پیش نہ ہوئیں تو ضمانت منسوخ اور ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا جائے گا ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکاکی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی کی6 اور بشری ٰبی بی کی ایک درخواست ضمانت پر عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی گئی جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ جعلی رسیدوں پر درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ بھی نہ سنایاجاسکا۔عدالت نے عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 دسمبر تک ملتوی کردی۔بانی پی ٹی ائی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی سماعت آج 19 نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔ آج سماعت میں 342 کے بیانات ریکارڈ ہونے کا امکان ہے ۔ سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سے متعلق کیس میں وفاقی پولیس نے کیخلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں درج مقدمات سے متعلق حتمی رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایاگیاکہ عمران کیخلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانوں میں 62 مقدمات درج ہیں۔انسدادِدہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے پی ٹی آئی ورکرز اور رہنمائوں پر درج 6 مختلف مقدمات معاملہ میں اڈیالہ جیل سپرنٹنڈ نٹ سے بانی پی ٹی آئی کی حاضری بارے رپورٹ طلب کرلی جبکہ تھانہ سنگجانی کے مقدمہ میں علی نواز اعوان، عامر مغل و دیگر غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کرد یئے اورتھانہ رمنا میں درج مقدمات میں حماد اظہر، مراد سعید ،فرخ حبیب، واثق قیوم و دیگر غیر حاضر ملزموں کے وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی، تھانہ سنگجانی ،تھانہ رمنا ، میں کیسز کی سماعت 2 دسمبر جبکہ تھانہ گولڑہ اور بہارہ کہو میں درج مقدمات کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس سے تھانہ آبپارہ میں ایمپلی فائر ایکٹ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ میں بانی پی ٹی آئی ،فیصل واوڈا ،شیخ رشید، صداقت عباسی و دیگر کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔سینئر سول جج عباس شاہ کی عدالت میں زیر سماعت سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف آزادی مارچ کا کیس میں سماعت بغیرکارروائی ، کوہسار میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران فاضل جج کی عدم دستیابی پربغیرکارروائی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران درج مقدمے میں گرفتار دو خواتین کو شناختی پریڈ کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ،شہناز ملک اور روبینہ غفور کو پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کے روبرو پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں