سموگ پابندیوں میں نرمی، لاہور، ملتان کے سوا تمام شہروں میں تعلیمی ادارے کھل گئے

سموگ پابندیوں میں نرمی، لاہور، ملتان کے سوا تمام شہروں میں تعلیمی ادارے کھل گئے

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر،کامرس رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت کم ہونے پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں ردو بدل کر دیا گیا جبکہ لاہور اور ملتان کے علاوہ تما م ڈویژنز میں بند تعلیمی ادارے بھی کھول دئیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سموگ کی شدت میں کمی کے بعد حکومت نے بند کئے گئے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا گیا تاہم لاہور اور ملتان ڈویژن میں یہ پابندی برقراررہے گی ،اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ،جس میں نئے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے کا بھی کہاگیاہے ۔ایس اوپیز کے تحت پونے نو سے پہلے کوئی بھی سکول نہیں کھلے گا ،اساتذہ اور طلبہ کا ماسک پہننا لازمی ہوگا،سکولوں میں آؤٹ ڈور ایکٹیویٹیز پر پابندی ہوگی،ایجوکیشن اتھارٹیز کلاسز کے اعتبار سے چھٹی کے اوقات جاری کریں گے ،ایس اوپیز کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکولوں پر ہوگا۔ دوسری طرف تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آئوٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی، محکمہ ماحولیات نے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجاب میں سموگ کی صورت حال بہتر ہو گئی ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کی ذمہ دار ہو گی،انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کے لئے مشکل فیصلے کئے گئے ۔ سموگ کی صورتحال میں بہتری کے باوجود لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ نئی دہلی کا پہلانمبر رہا ،رحیم یار خان 669 ایئر پارٹیکولیٹ میٹرز کے ساتھ پنجاب کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ، بہاولپور 443 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ دوسرے اور لاہور 402 کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ شمالی علاقوں سے آنے والی تیز اور سرد ہواؤں نے پنجاب کی گرد آلود فضا کو صاف کردیا، جس سے سموگ میں مزید کمی آنے کا امکان ہے ۔عالمی ماحولیاتی ویب سائٹ اے کیو آئی کی رپورٹ کے مطابق لاہور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس369ریکارڈ کیا گیا ہے ۔اے کیو آئی کا کہنا ہے کہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں