ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا شرمناک،وزیراعلیٰ مریم نواز برہم
لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی تاریخ کے پہلے ’’چیف منسٹر ڈائیلسزپروگرام کارڈ‘‘ کی باضابطہ منظوری دے دی اور پہلی بارڈائیلسز کے ہر مریض کے علاج کے لئے فنڈز 10 لاکھ روپے تک بڑھا دیئے ۔
امراض گردہ میں مبتلا ہر مریض کیلئے ساڑھے آٹھ لاکھ ڈائیلسزاور ڈیڑھ لاکھ ٹیسٹ وغیرہ کے لئے مختص کئے جارہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈائیلسز مریضوں کے مفت ٹیسٹ اور ادویات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور مریضوں کا ڈائیلسز ہر صورت جاری رکھنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں مزید ڈائیلسزیونٹ قائم کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈائیلسز سینٹرز میں ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی اور صوبہ بھر میں ڈائیلسز سینٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا۔ مریم نوازنے ملتان میں ڈائیلسز مریضوں میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ پر سخت برہمی کااظہار کیا اور24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا ڈائیلسز کے مریضوں میں ایڈز پھیلنا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے ۔
فنڈز نہ ہونے کے عذر پر ڈائیلسز رکنا بھی افسوسناک ہے یہ جاری رہنا چاہیے ۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا دیگر صوبوں کے مریض بھی مفت ڈائیلسز کی سہولت سے فیض یاب ہو رہے ہیں۔ پنجاب سے فری ادویات سندھ، بلوچستان اور دیگر صوبوں میں جا رہی ہیں۔ خصوصی اجلاس میں ہیلتھ پروگرام اور پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ محکمہ صحت کی کارکردگی کے تعین کے لئے کے پی آئی مقرر کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ نوازشریف کینسر ہسپتال پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے نوازشریف کینسر ہسپتال کا ہیڈ مقرر کرنے کی ہدایت کی،پی آئی سی ٹو اورنواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے زیر تکمیل پراجیکٹ پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔ مریم نواز نے پی آئی سی ٹو کو سٹیٹ آف آرٹ ہسپتال بنا نے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا امراض قلب کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی آلات اور میڈیسن لائی جائیں۔ سپیشلٹ ڈاکٹرز کی جدید ترین ٹریننگ کرائی جائے اور ماسٹر ٹرینر تعینات کئے جائیں۔