ایک رات میں تبدیلی نہیں آسکتی،ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچہ ضروری:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ترقی کیلئے بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے ،ایک رات میں تبدیلی نہیں آسکتی۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور مریم نواز کو سپر سی ایم کا خطاب دے دیا۔
سربراہ نیشنل سکیورٹی ورک شاپ وفد نے کہاپنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں،پنجاب میں کوئی بھی تعیناتی سفارشی نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی، سیاسی عدم استحکام سے ترقی اور خوشحالی کا سفر متاثر ہوتا ہے ۔ حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا،سموگ کو جلد از جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں، حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، پورے پاکستان سے لوگ بہتر مستقبل، روزگار، نوکری اور علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں، ترقی کے لئے انفراسٹرکچر نہایت ضروری ہے ، دبئی کی مثال سامنے ہے ، امن امان اولین ترجیح ہے ، ای ٹینڈرنگ اور شفافیت سے روڈ بحالی پروگرام میں 45 ارب بچائے ، انہوں نے کہاکہ گندم خریداری نہ کر کے 800 ارب روپے بچائے ہیں،سپورٹ پرائس نہیں دینگے ، کاشتکار کو کسان کارڈ پرزرعی مداخل، آلات پر سبسڈی دینگے ۔ ساہیوال واقعہ کے بعد تمام ہسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات فنکشنل کر دئیے ، گٹر میں گر کر مرنے والے امیروں کے نہیں غربا کے بچے ہوتے ہیں، ایک رات میں تبدیلی نہیں آ سکتی، بچوں سے زیادتی کے ملزم کو رہائی پر گلے میں ہار ڈالنا افسوسناک ہے ،ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں، عدالتوں سے چھوٹ کر آ جاتے ہیں،پنجاب واحد صوبہ ہے جو سر پلس بجٹ دیتا ہے۔
عام لوگوں سے براہ راست بات چیت کر کے کوئی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرتی ہوں، پاکستان کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلی جنس یونیورسٹی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بنے گی، دھی رانی پروگرام کیلئے پانچ ہزار افراد اپلائی کر چکے ہیں،کرپشن میری ریڈ لائن ہے ، ڈھائی کروڑ کی سرکاری انسولین بیچنے والوں کو جیل تک پہنچایا،27 الیکٹرک بسیں دسمبر میں آ جائیں گی،انہوں نے کہا خاتون کی حیثیت سے بعض اوقات کردار کشی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے ،خواتین کمشنر اور ڈپٹی کمشنر زیادہ متحرک ہیں،دریں اثنا وزیراعلیٰ نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پنجاب کے پی ایس آر پی سکولوں میں پانچ ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی،طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لئے نئی ماڈرن لیب بھی قائم کی جائیں گی،اجلاس میں سکولوں کی تعمیر ومرمت کیلئے ری والونگ فنڈز قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیاگیا،موبائل بس لائبریری پراجیکٹ لانچ کرنے پر غور کیا گیا، مریم نوازنے کہا یونیفارم کی پابندی یقینی بنائی جائے ، پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر کرنا ہمارا عزم ہے ،اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام پر رپورٹ پیش کی گئی، آؤٹ آف سکول بچوں کے لئے فارمل لرننگ سنٹربنانے کا فیصلہ کیاگیا،علاوہ ازیں مریم نواز نے ٹیلی ویژن کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاٹیلی ویژن اور دیگر میڈیا ذرائع کو ترقی اور عوامی بھلائی کیلئے استعمال کرنے کیلئے پر عزم ہیں، ٹی وی کے طاقتور میڈیم کوتعلیم وتدریس کے لئے استعمال کرکے مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے ۔