نواز شریف، صدربیلا روس ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

 نواز شریف، صدربیلا روس ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

مری ،اسلام آباد(نمائندہ دنیا، نامہ نگار، آئی این پی)قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے بیلا روس کے صدر سے مری میں ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

 اس موقع پر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار، وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں، بیلاروس کے صدر نے نواز شریف سے مکالمے میں ماضی کی خوش گوار یادوں پر تبادلہ خیال کیا، سابق وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ظہرانے میں شریک ہوئے ۔بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں مئی 2015 میں چھانگلہ گلی مری آیا تھا، آپ بھی اگست 2015 میں بیلا روس تشریف لائے تھے ، آپ سے ذاتی تعلق ہے ، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سے ہمیشہ بھائیوں والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف بڑے جذبے ، رفتار سے پاکستان کی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں۔صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں تجارت،سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہیے ، ایسے منصوبوں پر کام ہوسکتا ہے جس سے دونوں ممالک،عوام کو فائدہ مل سکتا ہے ۔

ظہرانے کے موقع پر قائدین نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، صدربیلا روس نے زراعت،زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کی حکومت، پنجاب حکومت دونوں کیساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔بعد ازاں نواز شریف نے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے ہمراہ بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا۔ بیلا روس کے صدر اسلام آباد سے بذریعہ ہیلی کاپٹر گھڑیال ہیلی پیڈپہنچے ،وزیراعظم شہبازشریف نے گھڑیال ہیلی پیڈپر صدر بیلا روس کااستقبال کیا، صدر الیگزینڈرلوکاشینکونواز شریف کے ظہرانے میں شرکت کی ،وزیراعلی مریم نواز، وفاقی وزرا، اہم شخصیات بھی ظہرانے میں شریک تھے ۔ بعدا زاں بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو پاکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے اپنے وطن روانہ ہوگئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کو الوداع کیا۔ دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو ان کے تین روزہ دورے کا فوٹو البم بھی پیش کیا۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں