عوامی فلاح کا ہرر یکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں بنتا ہے:مریم نواز

عوامی فلاح کا ہرر یکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں بنتا ہے:مریم نواز

لاہور(اے پی پی ،دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ عوامی فلاح کا ہرریکارڈ مسلم لیگ ن کے دور میں بنتاہے اور ہمارے دور میں سٹا ک مارکیٹ کی بلندی وتیزی سمیت ہرتاریخی کام ہوتاہے ، سٹاک مارکیٹ میں سیاسی نعرے نہیں لگوائے ،موثر پالیسی کے نفاذ سے ایک لاکھ پوائنٹس عبور کرایا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی ہر تحصیل میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز آؤٹ سورسنگ پلان کی منظوری دے دی،عوام کی سہولت کے لئے ستھرا پنجاب ایپ بھی لانچ کی جائے گی،مریم نوازشریف 3دسمبر کو پنجاب میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کریں گی۔ انہوں نے ایک بیان میں پاکستان سٹاک مارکیٹ کے ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرنے پراظہارتشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج دنیا کی بیسٹ پرفارمنگ ایکوئٹی مارکیٹ کادرجہ حاصل کر چکی ہے اورنئی تاریخ رقم ہوئی ہے ۔ وزیر اعظم شہبازشریف اور ان کی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،سٹاک مارکیٹ کا یہ ریکارڈ سرمایہ کاروں کے غیرمتزلزل اعتماد اور حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ اورسٹاک مارکیٹ کا لاکھ پوائنٹ عبور کرنا عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا واضح ثبوت ہے ۔ ان کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن کی قیادت میں ملک نے نہ صرف استحکام حاصل کیا بلکہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

سرمایہ کاروں کا اعتماد دلیل ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں زیرو ویسٹ مشن ستھرا پنجاب پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 103تحصیلوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ مزید32تحصیلوں میں آؤٹ سورسنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ مانیٹرنگ کیلئے صفائی پر مامور گاڑیوں پر ٹریکر نصب ہونگے ۔ صوبائی، ضلعی اور تحصیل کی سطح پر مانیٹرنگ کا سسٹم قائم کیا جائے گا۔ ہرتحصیل میں اے سی کی سربراہی میں 6رکنی مانیٹرنگ کمیٹی قائم ہوگی۔ پنجاب بھر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کی آؤٹ سورسنگ سے مجموعی طور پرایک لاکھ سے زائد افراد کو روزگار ملے گا،87ہزار اضافی ملازمتیں پیدا ہونگی۔ لاہورکے 15لاکھ گھروں میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کی جائے گی، لاہور کی ہر یونین کونسل میں خصوصی بیٹ اور 10لوڈ رکشے دئیے جائیں گے ۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہر گلی محلہ میں صفائی کی کوالٹی یکساں اور بہتر ہونی چا ہئے ، پنجاب میں زیرو ویسٹ انقلاب برپا کرینگے ، صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اور غفلت پر سخت ایکشن ہونا چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں