امن کیلئے وفاق ایف سی پلاٹونز فراہم کرے :علی امین

 امن کیلئے وفاق ایف سی پلاٹونز فراہم کرے :علی امین

پشاور،جنوبی وزیر ستان (مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی وزیرستان لوئر میں تین روز کیلئے کرفیو نافذ کردیا گیا،وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا سیاسی اختلافات اپنی جگہ،وفاق امن کیلئے ایف سی پلاٹونز فراہم کرے ۔

ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان لوئر کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تحصیل شکئی کے علاقہ سانگہ اور انضر چینہ میں سکیورٹی فورسز کی موومنٹ کے باعث آج سے تین روزہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے ، جو کہ صبح پانچ بجے سے شام 6 بجے تک نافذ ہوگا، کرفیو کے دوران باہر نکلنے پر مکمل پابندی ہوگی،وزیراعلیٰ پختونخوا نے دورہ کوہاٹ میں کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کیلئے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے ، انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ جو بھی امن کو خراب کرے گا اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے ۔انہوں نے کہا صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کیلئے تعینات ہے ، فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں، علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کیے جائیں، گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے ، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی اس کی نشاندہی کرے ۔ فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتاً جمع کیا جائے ۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا وہ دہشت گرد کہلائے گا، دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے ، علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں