مریم نواز کی چینی حکام سے ملاقاتیں،سرمایہ کاری کی دعوت

مریم نواز کی چینی حکام سے ملاقاتیں،سرمایہ کاری کی دعوت

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دور ہ چین کے تیسرے روزشنگھائی میں چینی حکام سے ملاقاتیں کیں اور دورے کیے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی شنگھائی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ نے ملاقات کی۔

شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم کا دورہ کیا۔منہانگ ڈسٹرکٹ انڈسٹریل زون میں ہانگ چی آؤ امپورٹ کموڈڈی ایگزیبشن،ٹریڈنگ سنٹر اور جنکو سولر کمپنی کا بھی دورہ کیا۔ شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ جنکو سولر کمپنی کوپنجاب میں سولرپینل مینوفیکچرنگ لگانے کی پیشکش اور گرین انرجی پراجیکٹس میں شرکت کی دعوت دی،کمپنی پنجاب میں سولر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ او رچارجنگ سٹیشن لگائے گی۔ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری،سائنس، ٹیکنالوجی اور انڈسٹری میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر ملاقات میں اکنامک اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے شنگھائی بیسڈ کمپنیوں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور چین نوازشریف اور شہبازشریف کے دور حکومت میں مزید قریب آئے اور اہل چین سے انس میرے خون میں شامل ہے ۔ چین کی کمپنیوں کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ترجیحاً سہولیات دی جائیں گی۔ ڈپٹی سیکرٹری مسٹر ژؤ ژونگ منگ نے کہا کہ تجارت، سرمایہ کاری،انفراسٹرکچراور عوامی رابطے ،باہمی تعلقات کو مزید مستحق کریں گے ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے شنگھائی میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے میوزیم کا دورہ کیا۔ مریم نواز نے چینی قیادت کے مجسموں میں دلچسپی کا اظہارکیا اور چین کے قدیمی ادوارمیں زیر استعمال اشیاء کا بھی مشاہد ہ کیا۔ مریم نوازنے اس موقع پر میوزیم میں رکھی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور انہوں نے لکھا کہ چین کی تاریخ کا بصری مشاہدہ غیر معمولی اور یادگار تجربہ ہے ۔چین نے دنیا کی تاریخ کا غیر معمولی معجزہ کر دکھایا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی پی سی میوزیم میں کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 130سالہ تاریخ کا بھرپور عکس نظر آتا ہے ۔

کیمونسٹ پارٹی کے ارتقا نے نہ صرف چین بلکہ پوری دنیا کو بدل دیا ہے ۔ مریم نواز نے سی پی سی کی پہلی نیشنل کانگریس کی سائٹ بھی دیکھی اور میوزیم میں دیوار گیر میورل کے سامنے تصاویر بھی بنوائیں۔ مریم نوازشریف نے پنجاب کے حکام کو ای کامرس کی سٹڈی کرنے اور پنجاب میں ای کامرس کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی-وزیر اعلیٰ اور انکی ٹیم کو جنکو کمپنی کی سولر ٹیکنالوجی اور معیاری سولر مصنوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی-چین اور پنجاب کے درمیان سولر ٹیکنالوجی کی منتقلی اور معلومات کے تبادلے پر زور دیا گیا ۔وزیراعلٰی مریم نوازشریف نے جنکو سولر کمپنی کو پنجاب میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی -وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب کی ٹیم سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ کے لئے ورکنگ اور معاونت کرے گی -وزیراعلی مریم نوازشریف کی ترغیب پر جنکو سولر کمپنی پنجاب میں چارجنگ سٹیشن بھی قائم کرے گی -وزیراعلی ٰمریم نوازشریف نے کہاکہ حکومت پنجاب عوام کو سستی اور پائیدار توانائی فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔ عوامی اداروں، رہائشی علاقوں اور دیہی کمیونٹیز کو سولر انرجی فراہم کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں