اسلحہ لے کر نکلے تو بتائیں گے بھاگتا کون ہے ؟علی امین

 اسلحہ لے کر نکلے تو بتائیں گے بھاگتا کون ہے ؟علی امین

ایبٹ آباد،حویلیاں(نمائندہ دنیا ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پورنے کہاہے کہ میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ اگلی بار ہم پر امن والی بات نہیں کریں گے ، اگلی بار اسلحہ لے کر نکلے تو بتائیں گے کہ کون بھاگتا ہے ،عمران خان خداکا واسطہ ہے امن کا راگ چھوڑدیں،ریاست بغاوت پر اکسا رہی ہے ، گولی کا جواب گولی سے دیں گے ۔

ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں پی ٹی آئی ورکرز اور واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب علی امین گنڈا پور نے کہاکہ آج ہم فسطائیت اور فرعونیت کا مقابلہ کر رہے ہیں ، خواجہ آصف، عطاء تارڑ اور دیگر لوگ نہتے لوگوں پرگولیاں برسانے کا دفاع کر رہے ہیں، کبھی کہتے ہیں کوئی شہید نہیں ہوا،کوئی گولی نہیں چلی،کبھی کہتے ہیں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ریاست کو ماں کا درجہ دیا گیا ہے لیکن ریاست قاتل بن کر اپنے لوگوں کوبغاوت پر مجبور کر رہی ہے ۔اگلی بارہم نکلیں گے اور امن کے نعرے کے بغیر نکلیں گے ، دکھائیں گے کس میں کتنی جوان مردی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حقیقی آزادی تک ہماری تحریک جاری رہے گی، فارم 45 پر اقتدار میں آنے والی حکومت کو پیغام دیتا ہوں ہوش کے ناخن لیں۔ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران ڈی چوک میں شہید ہونے والے پارٹی کارکنوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم اپنے شہیدوں کے خون کا حساب ضرور لیں گے ،ملک میں حقیقی جمہوریت کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہیدوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں ، عوام کو ان کی اونرشپ لینی ضروری ہے ، عوام حکومت کی ٹیم بن کر ترقیاتی منصوبوں کے معیار کی نگرانی کریں ، غیر معیاری کام کی صورت میں لوگ نشاندہی کریں ، حکومت ایکشن لے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں