چین سے شراکت داریاں نئے معاشی مواقع پیدا کرینگی: مریم نواز
لاہور(دنیا نیوز،اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے دورہ چین مضبوط باہمی تعلقات اور ترقی کیلئے مشترکہ عزم کا حقیقی عکاس ہے، لیڈر شپ اور کمپنیوں سے تبادلہ خیال ثمر آور ہوگا،چین سے شراکت داریاں نئے معاشی مواقع پیدا کرینگی، پنجاب سرمایہ کاری کیلئے اوپن ہے۔
چینی قیادت کی طرف سے گرمجوشی اور شاندار مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ چین میں پنجاب انویسٹمنٹ کانفرس سے خطاب کرتے وزیر اعلیٰ نے کہا صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور باصلاحیت قیادت کو سلام پیش کرتی ہوں۔چینی حکومت کی سیاسی بصیرت اور ترقی مشعل راہ ہے ۔مریم نواز نے کہا پنجاب کے ادارے چینی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کر کے بے حد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔چین میں سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکیج کے ساتھ آئی ہوں جس میں چینی کاروباری اداروں کے لیے خصوصی مراعات شامل ہیں۔چینی کمپنیوں نے نہایت مثبت ردعمل دیا،کچھ کمپنیوں کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔دورہ چین پنجاب میں سرمایہ کاری اور چینی کاروباری اداروں کے ساتھ ممکنہ مشترکہ منصوبوں کی بنیاد رکھے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب انویسٹمنٹ کانفرنس بڑی کامیابی ثابت ہوگی۔چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی پنجاب کی ترقی اور ہمارے مشترکہ روشن مستقبل کے وژن پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے ۔چین پنجاب کے جدیدانوائرمنٹل مینجمنٹ سسٹم کی تیار ی میں تعاون کرے۔
انہوں نے کہاامید ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنے وعدے پورے کریں گے ۔سی پیک نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی منظرنامے پرنہایت مثبت اثرات ڈالے ہیں۔سی پیک 2.0 کے تحت قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پرمزید توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے کہا دورہ چین میں صحت کے شعبے ممکنہ شراکت داریوں کے نئے دروازے کھلے ہیں، جو پنجاب میں جدید طبی ٹیکنالوجیز لائیں گے ،صحت کے شعبے میں چینی ہسپتالوں اور ہیلتھ ماڈل کو اپنایا جائے گا۔ ر پینل مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام سے روایتی توانائی کے ذرائع پر انحصار کم ہوگا۔چین کے ساتھ شراکت داریاں پائیدار ترقی کو یقینی بنائیں گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اورکہا سانحہ پشاور کو دس سال گزر چکے لیکن دکھ آج بھی زندہ ہیں۔ 16 دسمبر 2014 کی سیاہ صبح ہر پاکستانی کے دل پر نقش ہے ۔ اے پی ایس شہدا قوم کے ہیرو ہیں۔دہشتگردی کے خلاف جنگ جیت کر ہی دم لیں گے۔