جنوبی وزیرستان:چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش،8خارجی ہلاک،16جوان شہید

جنوبی وزیرستان:چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش،8خارجی ہلاک،16جوان شہید

راولپنڈی،لاہور(دنیا نیوز،خصوصی نیوز رپورٹر، سٹاف رپورٹر،اے پی پی)جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر خوارج کے حملے کی کوشش ناکام بناکر8خوارج کو جہنم واصل کردیا جبکہ آپریشن کے دوران 16 بہادر سپوت وطن پر قربان ہوگئے ۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 20اور 21 دسمبر کی درمیانی رات خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔خوارج کی کوشش کو سکیورٹی فورسز کے دستوں نے مو ثر طریقے سے ناکام بنا دیا ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 16جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق 30 سالہ لانس نائیک لیاقت علی شہید کا تعلق ضلع کرم ،31 سالہ لانس نائیک محمد اسحاق شہید کاتعلق ضلع کرک، 38 سالہ حوالدار ایوب خان شہید کا تعلق ضلع اٹک جبکہ 40 سالہ حوالدار عمر حیات شہید ضلع کوہاٹ کے رہائشی تھے ۔

اسی طرح 26 سالہ سپاہی محبوب رحمان شہید کا تعلق ضلع ٹانک ،37 سالہ حوالدار محمد حیات شہید بنوں، 26 سالہ لانس نائیک شیر محمد شہید مالاکنڈ، 22 سالہ سپاہی احسان الحق ضلع لوئر دیر اور25 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع خیبر سے تھا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ22 سالہ سپاہی فیض محمد شہید کا تعلق ضلع مانسہرہ ، 23 سالہ سپاہی طیب علی شہید کا تعلق ضلع ہری پور اور 26 سالہ سپاہی جنید شہید کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے ۔ 29 سالہ لانس نائیک حامد علی شہید کا تعلق ضلع صوابی جبکہ 26 سالہ سپاہی کلیم اللہ شہید ضلع لکی مروت کے رہائشی ہیں، 41 سالہ حوالدار طاہر محمود شہید ضلع کوہاٹ اور 29 سالہ لانس نائیک مصور شاہین شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے ۔دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا جبکہ اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ فورسز ملک کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار کی مانند دہشت گردوں کے سامنے کھڑی ہیں، پوری قوم شہداکو سلام پیش کرتی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے پاک وطن کے امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی، وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، قوم شہدا کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان بارڈر پر فتنہ الخوارج کی در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی،سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خارجی مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں دھرتی کا بہادر سپوت عامر سہیل آفریدی جام شہادت نوش کر گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیو رٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلایا، اس موقع پر سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا ۔فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان عبوری حکومت سے مسلسل موثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضا کرتا چلا آیا ہے ۔اعلامیہ میں کہاگیا کہ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کیخلاف دہشت گردی کے لیے اپنی زمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں