پنجاب سے کرم کیلئے ادویات کی دوسری کھیپ روانہ،سیاست نہیں خدمت کا وقت:مریم نواز

پنجاب سے کرم کیلئے ادویات کی دوسری کھیپ روانہ،سیاست نہیں خدمت کا وقت:مریم نواز

لاہور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرم پاراچنارمیں مشکلات کاشکار، عوام کیلئے ادویات فراہمی کا وعدہ چند گھنٹے میں پورا کر دیا۔ ادویات اور ضروری طبی سامان سمیت41ضروری آئٹمز کی دوسری کھیپ روانہ کر دی گئی۔

جبکہ مزید5ٹرک فراہمی کیلئے ضروری اقدامات کا حکم دے دیااور ضلع کرم کی 60 سالہ مریضہ جمیلہ مراد کوسیریس حالت میں فوری آپریشن کیلئے پنجاب ایئرایمبولینس سروس سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔مریضہ کے بیٹے ذیشان حید ر نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور ایئر ایمبولینس سروس کو سراہا۔ مریم نوازنے کابینہ کے اجلاس میں پارا چنار کے عوام کیلئے امدادی سامان فوری بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔ مریم نوازشریف کا کہنا ہے کہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے کرم کے عوام مشکل میں ہیں دعا ہے کہ حالات جلد نارمل ہوں ۔ پارا چنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں، مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے ، عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا۔ ضرورت پڑی تو مزید مریضوں کو پاراچنار سے ایئر ایمبولینس سروس پر راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا پارٹی قائد نوازشریف نے مجھے خصوصی طور پر پاراچنار کے عوام کی مدد کی ہدایت کی۔پارا چنار کے بہن بھائیوں کی ہر ممکن مدد کرینگے ۔

ایئر ایمبولینس سروس کا مقصد ہی بروقت اور جلد امداد فراہمی تھا۔ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد ہمارا نصب العین ہے ۔ مریم نواز نے پاراچنار کے عوام کے رابطہ کرنے پر19دسمبر کو کابینہ اجلاس میں ادویات اور دیگر ضروری سامان بھجوانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزرا ئے صحت خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیراورسیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادویات کی پاراچنار منتقلی عمل کی نگرانی کی اور چند گھنٹے میں آپریشن ممکن بنایا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مزید ادویات پاراچنار بھجوائی جارہی ہیں جن میں انسولین، کتے کے کاٹنے کی ویکسین، جان بچانے والی دیگر ادویات و ضروری سامان سمیت24آئٹم شامل ہے ۔ ضروری ادویات کے 12بڑے کارٹن پاراچنار پہنچ چکے ہیں مزید ترسیل کے انتظامات مکمل ہیں۔کرم پہنچنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کرم غلام مرتضیٰ نے ادویات وصول کیں اور وزیر اعلیٰ مریم نوازکے اقدام کو سراہا۔ غلام مرتضیٰ نے بتایا دو ماہ سے کرم کے حالات خراب ہونے پر ادویات کی شدید کمی تھی ۔ مریضوں کو خطرات لاحق تھے ،سیریس حالت والے مریضوں کو کرم سے علاج کیلئے منتقل کیا جائے گا۔ مزید ادویات فراہمی درخواست پر وزیر اعلیٰ مریم نوازنے مزیدادویات بھجوانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں