حکومتی کمیٹی تشکیل ،پی ٹی آئی سے آج مذاکرات:پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،امیدہے قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا:وزیراعظم

حکومتی کمیٹی تشکیل ،پی ٹی آئی سے آج مذاکرات:پاکستان ہے تو ہم سب ہیں،امیدہے قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا:وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم شہباز شریف نے سپیکر قومی اسمبلی کی تجویز پر تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

 گزشتہ رو ز وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، رانا ثنا اللہ خان،سینیٹر عرفان صدیقی ، راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، علیم خان اور چودھری سالک حسین شامل ہیں۔ وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ملکی سلامتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، سپیکر قومی اسمبلی کی   کاوش کو سراہتا ہوں۔ پی ٹی آئی پہلے ہی مذاکراتی کمیٹی بنا چکی ہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جامع بات ہونی چاہئے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے وزیراعظم کی طرف سے کمیٹی تشکیل دینے کا خیر مقدم اور اظہار تشکر کرتے ہوئے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں کمیٹیوں کے اراکین کو آج (پیر)کو دن ساڑھے گیارہ بجے ملاقات کی دعوت دی ہے ۔ دونوں کمیٹیوں کے اراکین سے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپنے چیمبر میں ملاقات کروں گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے کہاکہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کا اقدام خوش آئند ہے ۔نیک نیتی سے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی۔سپیکر آفس کے دروازے ہمیشہ اراکین کے لیے کھلے ہیں۔ بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے ۔

یہ خوش آئند بات ہے ، حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات جامع اور نتیجہ خیز ہونے چاہئیں۔ امید ہے کم سے کم وقت میں تمام مسائل کا نتیجہ خیز حل نکل آئے گا، دونوں کمیٹیوں میں سنجیدہ لوگ ہیں، مذاکرات آگے ضرور بڑھیں گے ۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹر ی اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ آج حکومت اور اپوزیشن کی ملاقات میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ ہوجائے گا، ملاقات کے بعد سول نافرمانی تحریک کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں کچھ ہم اپنی سنائیں گے کچھ انکی سنیں گے ، ملاقات کے تمام نکات عمران خان سے ڈسکس کریں گے ۔سول نافرمانی تحریک کے بارے میں حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی ہی کریں گے ۔ ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وقاص اکرم نے کہا کہ مذاکرات سے متعلق بات کرنے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے شکر گزار ہیں تاہم حکومت معاملات بہتری کی طرف نہیں لے جانا چاہتی ہے ۔

ہری پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو سول نا فرمانی کی تحریک شروع کریں گے ، بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ بند کرنے کا کہیں گے ۔عمر ایوب خان نے کہا کہ ہمارامطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے ، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم بیرون ملک سے آنے والے زرمبادلہ بند کرنے کا کہیں گے ، فوجی عدالتوں سے ہمارے ورکرز کو غیر آئینی طور پر سزا دی گئی، فوجی عدالتوں سے سزا کی اجازت سپریم کورٹ کے اختیارات سے تجاوز ہے ۔ادھر حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین پہلی مرتبہ غیر مشروط ، باضابطہ مذاکراتی عمل کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا ۔دونوں جانب سے مذاکرات کے لئے تفصیلی شرائط بھی آج کمیٹی کو پیش کی جائیں گی جن کا جائزہ لے کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیاجائے گا۔دونو ں کمیٹیاں پہلے اجلاس میں ایک دوسرے کے سامنے اپنے مطالبات رکھیں گی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گی اور ایک دوسرے کی سنجیدگی کا جائزہ لیاجائے گا ۔

بعدمیں دونوں کمیٹیاں اپنے اپنے قائدین کو مذاکرات کی رپورٹس بھی پیش کریں گی ۔ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی مذاکرات ٹیم کی میزبانی کی جائے گی ۔کمیٹی کے ٹی او آرز طے کئے جائیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا ۔ پہلے اجلاس میں دونوں کمیٹیوں کے اراکین اپنے اپنے مطالبات رکھیں گے جس کا جائزہ لیاجائے گا ۔ تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مطالبات کا ڈرافٹ تیار کر لیا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فہرست تیار کر لی گئی، سیاسی قیدیوں کی فہرست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا نام سرفہرست رکھا گیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران پی ٹی آئی سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مطالبات رکھے گی۔تیار ڈرافٹ کے مطابق جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ کے 3 انتہائی سینئر ججز پر مشتمل ہونے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں