سکالر شپس کے بدلے طلبہ انتشار کا حصہ نہ بنیں: مریم نواز
لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ مریم نواز نے فاسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ہونہار سکالر شپ لانچنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیکس دینے، انٹر نیشنل سکالرشپ کیلئے اقدامات کرنے اور ہونہار سکالر شپ سالانہ 30 ہزار سے بڑھا کر50 ہزارکرنے کا اعلان کیا ہے۔
تقریب میں وزیراعلیٰ نے طلبہ سے وطن کیخلاف کچھ نہ کرنے، طلبہ کے انتشار کا حصہ نہ بننے، چھوڑکر نہ جانے اور خدمت کا عہد بھی لیا اورخطاب میں کہا اپنے بچے ملک سے باہر اور دوسروں کے بچے جیل میں یہ کہاں کی لیڈر شپ ہے ؟۔کوئی ماں اپنے بچوں کو جلاؤ گھیراؤ،توڑ پھوڑ اور مار پیٹ کا درس نہیں دے سکتی۔ بچوں کو گالم گلوچ الزام تراشی سکھانے والے انکے ہمدرد نہیں ہوسکتے ۔کسی کو گالی دینا اخلاقیات نہیں۔مخالفین کا شکریہ جنہوں نے مجھے اتنا مضبوط بنا دیا ،بعض مخالفین کو تکلیف ہے کہ بچوں کو سکالر شپ کیوں مل رہے ہیں۔ صرف راولپنڈی ڈویژن سے 2500طلبہ کو ہونہار سکالر شپ ملا۔وزیر اعلیٰ نے کہا بچوں میں خودداری ہوتی ہے وہ ماں باپ پر بوجھ نہیں بننا چاہتے ۔ ماں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت کرنا بچوں کی ذمہ داری ہے ۔جیل برداشت کی، عدالتوں میں دھکے کھائے ،سیاسی آگ کی بھٹی میں گزرکر سخت ہوچکی ہوں۔ سیاسی مخالفت کی بنا پر عورت ہونے کے باوجود کردار کشی کی جاتی رہی۔ سات آٹھ سال بعد اکانومی میں بہتری آرہی ہے ۔ ہم نے ٹیک اوور کیا تو ڈیفالٹ کی آوازیں آرہی تھیں، اب اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں بہتر ین عالمی یونیورسٹی کے کیمپس بنانے پربات چیت جاری ہے۔ چین کے بڑے بزنس ہاؤسز پاکستان میں انویسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی وجہ سے ہماری عزت اور پہچان ہے۔ ہر روز سوچیں ملک کیلئے کیا کرسکتے ہیں۔ ماں ہوں، بچوں کی پڑھائی کے بعد روزگار کی ذمہ داری پورا کرنے بارے سوچ رہی ہوں۔
بچوں کی عزت نفس اور خودداری کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار کیلئے تین کروڑ تک قرض دینگے۔ پڑھائی کے بعد روزگار کی ذمہ داری بھی ریاست پوری کرے گی۔ چاہتی ہوں ہر وہ چیزجوچین سمیت بڑے ممالک میں ہے نوجوانوں کیلئے یہاں لیکر آؤں۔ پنجاب گلوبل ٹرینڈز کے مطابق پڑھانا اور سکھاناچاہتے ہیں۔ سفارش سنتی ہوں نہ اس پر عمل کرتی ہوں۔ میرٹ کیخلاف کام کبھی نہیں کرتی، اکثر ارکان اسمبلی ناراض ہوجاتے ہیں۔ پنجاب میں اگر آپ ہونہار نوجوان ہیں تو سکالر شپ کے اہل ہیں۔طلبہ کو سیاسی وابستگی سے بالا ترہوکر سوفیصد میرٹ پرہونہار سکالر شپ دے رہے ہیں، ہونہارسکالر شپس سکیم کی کامیابی پرصوبائی وزیر رانا سکندر حیات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن فرخ نوید کو شاباش دیتی ہوں۔ چاہتی ہوں بچے فیس کی فکر سے آزاد ہوکر تعلیم پر فوکس کریں۔ پنجاب لیپ ٹاپس سکیم بھی لارہے ہیں۔ ہر بچہ پاکستان کی عمارت میں اینٹ کی مانند ہے ،ہر اینٹ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔ دنیا بھر میں سماجی مساوات صرف تعلیم سے ممکن ہے ۔ مزدور کا بچہ بھی محنت کرکے آگے پہنچ جا تا ہے ۔ دنیا جن ڈسپلن میں آگے جارہی ہے ہمارے بچے بھی آگے بڑھیں گے ۔ مخالفین کہتے ہیں یہ کونسا مریم کا ذاتی پیسہ ہے ، عوام کا پیسہ ہے عوام کو دے رہے ہیں۔ عوام کا پیسہ پہلے ان کو کیوں نہیں دیا گیا۔ اب آپکا پیسہ آپکی تعلیم پر خر چ ہوگا۔ اگر امیر کا بچہ فاسٹ اورنسٹ یونیورسٹی میں جا سکتا ہے تو غریب کا بچہ کیوں نہ جائے ۔ 60فیصدطالبات سکالرشپ ملنے پر خوش ہیں۔ بچوں کو ہونہار سکالرشپ ملنے پر انکے والدین سے زیادہ خوش ہوں۔ سکالر شپ کا فائدہ اٹھاکرہر طالبعلم ملک کا اثاثہ بنے گا۔ بچوں سے کہتی ہوں کہ ماں باپ کی عزت کرونافرمانی نہ کرو۔چاہتی ہوں بچے پڑھ لکھ کر بڑے عہدوں پر پہنچیں، وزیراعلیٰ نے کہابچیوں کو کالج آمدورفت میں دشواری کی بنا پر ای بائیک پروگرام شروع کیا۔
ہونہار سکالر شپ ٹیلنٹڈ نوجوانوں کی امانت، اس میں بالکل خیانت نہیں ہوسکتی۔چاہتی ہوں ہمارے بیٹے اور بیٹیاں کسی سے کم نہ ہوں۔ پاکستان آپ کی وفاؤں اور محبتوں کا حقدار ہے ۔ کوئی آپ کو جتنا بھی بھڑکائے آپ نے پاکستان کیخلاف کبھی کوئی قدم نہیں اٹھانا۔ انہوں نے کہا سٹاک مارکیٹ پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹ کراس کر گئی اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھ رہے ہیں۔آپ کا اٹھنے والا ہر قدم ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی طرف ہونا چاہیے ۔ ملک کی ترقی میں سب اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کا عہد کرے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز فاسٹ یونیورسٹی میں ہونہار سکالر شپ لانچنگ پنڈال میں آتے ہی طالبات میں پہنچ گئیں۔ طالبات نے خوشی سے پر جوش تالیاں بجا کر وزیر اعلیٰ کا خیر مقدم کیا، مریم نواز نے بچیوں سے مصافحہ کیا، گلے لگا کر اظہار شفقت اور سر پر پیار کیا۔ بچیاں وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ خوشی سے نہال ہوگئیں۔وزیر اعلیٰ انکے درمیان بیٹھ گئیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔وزیر اعلیٰ نے فاسٹ یونیورسٹی کے 5کیمپس کے طلبہ سمیت دیگر کو ہونہار سکالر شپ کے چیک تقسیم کئے ۔ یو ای ٹی ٹیکسلا، ایگریکلچر یونیورسٹی،میڈیکل کالج راولپنڈی و دیگر اداروں کے طلبہ کو بھی سکالر شپ چیک دئیے گئے ۔ ہونہار سکالرشپ لینے والے طلبہ کو پولیس کے دستے نے گارڈ آف آنر دیا ۔صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا خیر مقدم کیا۔