سب سے بڑے نیو کلیئر بجلی گھر کا آغاز : چین کے تعاون سے چشمہ پلانٹ یونٹ 5 کی تعمیر 2030 میں مکمل، 1200 میگاواٹ اضافی بجلی ملے گی، گوادر ائیرپورٹ تیار 10 جنوری سے پروازیں، پاک چین دوستی زندہ باد : وزیراعظم

سب سے بڑے نیو کلیئر بجلی گھر کا آغاز : چین کے تعاون سے چشمہ پلانٹ یونٹ 5 کی تعمیر 2030 میں مکمل، 1200 میگاواٹ اضافی بجلی ملے گی، گوادر ائیرپورٹ تیار 10 جنوری سے پروازیں، پاک چین دوستی زندہ باد : وزیراعظم

اسلام آباد، چشمہ، میانوالی(نامہ نگار، خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی، آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے سب سے بڑے نیوکلیئر بجلی گھر کی تعمیر شروع کردی گئی، چین کے تعاون سے چشمہ پلانٹ یونٹ-5کی تعمیر 2030 میں مکمل ہوگی اور اس سے 1200 میگاواٹ اضافی بجلی ملے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے انتہائی جدید اور بڑے سی-5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا آغاز پاکستان اور چین کی تذویراتی شراکت داری کا ایک اور اہم سنگ میل ہے ۔پیر کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا اس پاور پلانٹ سے 1200 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور سی این این سی کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں،پاک چین دوستی زندہ باد۔وزیراعظم نے اس حوالے سے تصاویربھی جاری کی ہیں۔دوسری طرف گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے ،گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز آئندہ سال 10 جنوری سے ہو جائے گا۔تفصیل کے مطابق پاک چین لازوال دوستی کے تحت پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے ملک کے سب سے بڑے جوہری بجلی گھر چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ-5 کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر کے اہم سنگ میل حاصل کر لیا۔ اس سلسلے میں میانوالی میں ہونے والی پر وقار تقریب میں منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال، چین کے سفیر مسٹر جیانگ زیڈونگ اور دیگر چینی اور پاکستانی معززین نے شرکت کی۔چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے نیوکلیئر پاور کو توانائی کو ماحول دوست اور با کفایت ذریعہ قرار دیتے ہوئے ملک کی انرجی سکیورٹی کے حوالے سے اس کی اہمیت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے خطاب میں پاک چین دوستی اور اقتصادی تعاون کو سراہا اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کو جوہری تحفظ، ماحولیاتی دیکھ بھال اور جوہری توانائی کے پر امن استعمال کے حوالے سے عالمی ذمے داریاں بطریق احسن ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ 2030 تک تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد قومی گرڈ کو 1200 میگاواٹ مزید بجلی دینا شروع کر دے گا جس سے ملک میں ماحول دوست اور قابل بھروسہ بیس لوڈ نیوکلیئر انرجی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4700 میگاواٹ سے زائد ہو جائیگی۔ احسن اقبال نے کہا جوہری توانائی ہمارے توانائی کے چیلنجوں کا ایک صاف، قابل اعتماد اور سستا حل پیش کرتی ہے ، ہم استحکام اور باہمی خوشحالی سے متعین مستقبل کے لیے ٹھوس کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا جوہری توانائی نہ صرف لاگت کے اعتبار سے کم ہے بلکہ قابل اعتماد بھی ہے ۔ چین نے پاکستان کی معیشت پر بے پناہ اعتماد کا اظہار کیا ہے ، یہ زراعت، انفراسٹرکچر، صنعت اور کان کنی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو کھولے گا۔ احسن اقبال نے کہا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سی پیک صرف منصوبوں کا مجموعہ نہیں ہے ، یہ پاکستان اور چین کے درمیان اٹوٹ رشتے کی علامت ہے ۔ سی -5 منصوبہ سی پیک کے وسیع اہداف کو آ گے بڑھائے گا۔ سب سے بڑے اور جدید ترین نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد وزیر اعظم شہباز شریف نے 14 جولائی 2023 کو رکھا تھا۔

ادھر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے گوادر میں بین الاقوامی معیار اور جدید سہولیات سے آراستہ ایئرپورٹ تعمیر کرنے پر ہم عظیم دوست چین کے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا گوادر ایئر پورٹ کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے ،گوادر سے مسقط کے لئے پروازوں کا آغاز آئندہ سال 10 جنوری سے ہو جائے گا،پاکستان کی نجی ایئر لائنز،چین،اومان اور متحدہ عرب امارات کی ایئر لائنز سے گوادر سے ملکی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔پیر کووزیراعظم کی زیر صدارت نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق امور پر اہم اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا گوادر کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈا چین پاکستان عظیم دوستی کی نمایاں مثال ہے ،ایئرپورٹ کے فعال ہونے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،نیوگوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک مصروف ٹرانزٹ پوائنٹ بنانے کے حوالے سے قابل عمل حکمت عملی ترتیب دی جائے ۔وزیراعظم نے نیو گوادر ایئرپورٹ اور ملک خصوصا ً بلوچستان کے دیگر علاقوں کے درمیان رابطہ سڑکوں کا نظام بہتر بنانے اور نیوگوادر ایئرپورٹ کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں نیوگوادر ایئرپورٹ کی آپریشنلائزیشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا ایئرپورٹ رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈا ہے جو اے ۔380 طیاروں کو ہینڈل کر سکتا ہے جبکہ ایئرپورٹ سے 4 لاکھ مسافر سالانہ سفر کر سکیں گے ،پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے نیو گوادر ایئرپورٹ کو ایرو ڈروم سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ پاکستان کسٹمز نے بھی ایئر پورٹ کو نوٹیفائی کر دیا ہے ۔

ایئرپورٹ پر پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، پاکستان کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، وفاقی تحقیقاتی ادارے ، بارڈر ہیلتھ سروس کا عملہ تعینات کیا جا چکا ہے پی آئی اے کے کراچی اور گوادر کے لئے موجودہ فلائٹ آپریشن کے دورانیے کو جلد ہی ہفتے میں تین بار کیا جائے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا ایئرپورٹ پر بینک برانچز کے قیام اور اے ٹی ایمز کی تنصیب کے حوالے سے سٹیٹ بینک سے رجسٹرڈ تمام بینکوں سے رابطہ کیا گیا ہے ۔اجلاس میں وفاقی وزرا خواجہ آصف ، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر نجکاری عبدالعلیم خان بذریعہ ویڈیو لنک شر یک ہوئے ۔دریں اثنائوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔تاریخ گواہ ہے ملک بچانے کیلئے ن لیگ نے اپنی سیاست قربان کردی،ملکی ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے ۔گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن)قائد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے ۔تاریخ گواہ ہے مسلم لیگ (ن)اور نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ۔ پاکستان کو بچانے کیلئے مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی۔پارٹی کارکن اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا۔قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔وزیر اعظم نے کہا نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئیں مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سر خرو کیا،مسلم لیگ ن کے ادوار میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی۔سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا،آج بھی مسلم لیگ ن عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے مصروف عمل ہے ۔اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف سے افغانستان کے لئے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق خان کی ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق محمد صادق خان نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ افغانستان سے متعلق بریفنگ دی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ شہباز شریف سے انسداد پولیو ٹیم نے بھی ملاقات کی ۔

ملاقات میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ ، فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق ، وفاقی سیکرٹری ندیم محبوب ،سینیٹر انوار الحق ، عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹر صوغائر اور سینیٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن کے سینئر ایڈوائزر ڈاکٹر محمد صفدر شامل تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کو چیئر بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن بل گیٹس نے مجھے خط لکھا ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم اور اس کیلئے کام کرنے والے تمام انسداد پولیو ورکرز کی شبانہ روز محنت کی تعریف کی ہے ۔بل گیٹس فاؤنڈیشن اور تمام ملکی و بین الاقوامی شراکت داروں کے مشکور ہیں جنکی حمایت اور تعاون کی بدولت پاکستان میں صحت کے شعبے میں اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور پولیو کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جارہی ہیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی انسداد پولیو مہم کے دوران متعلقہ افراد کے پولیو سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے دوروں کا منظم روسٹر ترتیب دیا جائے تاکہ ان مہمات کو اور زیادہ نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا بدقسمتی سے پاکستان میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جس کے لئے اور زیادہ مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ پولیو ورکرز کی سکیورٹی کو کسی طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتااس سلسلے میں تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں