سپریم کورٹ: انتخابات دھاندلی اور ملٹری کورٹس کیسز سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں ملٹری کورٹس کیس اور 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کیس سماعت کے لیے مقرر ہو گئے۔

سپریم کورٹ آئینی بینچ کی 6 سے 10 جنوری کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی، آئینی بینچ ‏سپریم کورٹ نے ملٹری کورٹس کیس 7 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی 8 فروری کے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے آئینی درخواست 8 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر ہو گئی، شیر افضل مروت کی انتخابی دھاندلی کی درخواست بھی 8 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر ہوئی ہے۔

7 رکنی آئینی بینچ اگلے ہفتے کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس امین الدین خان آئینی بینچ کی سربراہی کریں گے۔

7 رکنی آئینی بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال حسن بھی آئینی بینچ کا حصہ ہیں۔

آئینی بینچ نے لاپتہ افراد کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا، 7 رکنی آئینی بینچ 8 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا، ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ نظر ثانی کیس بھی سماعت کیلئے مقرر، سپریم کورٹ کا آئینی بینچ حمزہ شہباز کی نظر ثانی درخواست پر 9 جنوری کو سماعت کرے گا۔

ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کیخلاف درخواست 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے، طلبہ تنظیموں پر پابندی کیخلاف درخواست پر بھی 10 جنوری کو سماعت ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں