ہماری ٹیکنالوجی سے ایک ماہ میں30منزلہ عمارت تیار،پاکستان میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں:امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ:وزیراعظم سے وفد کی ملاقات
اسلام آباد (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں)امریکی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ جینٹری بیچ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ،ایسی تعمیراتی ٹیکنالوجی پاکستان لانا چاہتے ہیں جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت تیار ہوجاتی ہے۔
امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، گزشتہ 4 سال میں بائیڈن انتظامیہ کا اسلام آباد سے رویہ مناسب نہیں تھا ،پاکستان کی موجودہ قیادت نئی امریکی قیادت کے ساتھ مکمل ہم آہنگ ہے ،رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جینٹری بیچ نے کہا پاکستان آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں، یہاں کے لوگ بہت ذہین اور محنتی ہیں، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ امریکی ارب پتی سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ نے کہا صدر ٹرمپ کی سربراہی میں پاکستان سے تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ، پاک امریکا تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کی ضرورت ہے ، دنیا میں امن اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اقتصادی سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں، امریکی سرمایہ کاروں کا وفد مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آیا ہے ۔ امریکی سرمایہ کار پاکستان میں مصنوعی ذہانت، ریئل سٹیٹ، معدنیات میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں، میرا حکومت کی معاشی سفار کاری سے کوئی تعلق نہیں ۔
جینٹری بیچ نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر رچرڈ گرینل زبردست امریکن ہیں انہوں نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔صحافی کے سوال پر امریکی سرمایہ کار نے کہا امریکی انتظامیہ پاکستانی قیادت کا احترام کرتی ہے ، رچرڈ گر ینل کو پاکستان کی صورتحال کا آج زیادہ بہتر ادراک ہوگیا ہوگا، میرے خیال میں رچرڈ گرینل کو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے گمراہ کیا گیا، وہ پاکستان کے نظام انصاف کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ٹرمپ شاندار امریکی صدر ہیں، ہم ٹرمپ کے اقتصادی سفارتکاری کے ایجنڈے کو کامیاب بنائیں گے ، پاکستانی قیادت کے ساتھ میری ملاقاتیں بہت اچھی رہی ہیں۔یہاں مذاکرات نہیں کاروبار کے لیے آیا ہوں، ماضی میں امریکی عوام کو پاکستان کی حقیقی تصویر نہیں دکھائی گئی، امریکا میں پاکستان بارے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کی گئیں ، پاکستان کو امریکا کے اتحادی کے طور پر دیکھتا ہوں۔جینٹری بیچ کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کے پاس اپنا گھر ہو، ہماری ایسی ٹیکنالوجی ہے جس سے ایک ماہ میں 30 منزلہ عمارت بن جاتی ہے ہم اس کو پاکستان لانا چاہتے ہیں ، آئل اور گیس سیکٹر میں پاکستان میں کم توجہ دی گئی۔انہوں نے کہا پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، دونوں ملکوں میں سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، افغانستان سے متعلق بائیڈن انتظامیہ نے کئی غلطیاں کیں، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور ہنرمند افرادی قوت ترجیح ہے ۔
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکا سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار جینٹری بیچ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد اور امید افزا اقتصادی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سازگار کاروباری ماحول، تیز تر و پائیدار عملدرآمد اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کو یقینی بنا کر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کو سراہتے ہوئے کان کنی و معدنیات، قابل تجدید توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے متنوع مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا ظاہر کی ۔ انہوں نے حکومت کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور مستقبل میں ملک کی ترقی کی رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ اعلیٰ سطح کی ملاقات براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے ، پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور پاکستان کے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے حکومت کی فعال کوششوں کی عکاسی کرتی ہے ۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے حکومت اور عوام کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ، چینی عوام اور پاکستان میں موجود چینی شہریوں کو چین کے سال نو کے موقع پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے چین کی نشاۃ ثانیہ21ویں صدی کے انتہائی اہم مواقع میں سے ایک ہے ،پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ بتدریج مضبوط تر ہو رہا ہے ، ہمارے تعلقات اب جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔وڈیو پیغام میں وزیراعظم نے کہاچینی سال نو تجدید، تبدیلی اور نئے آغاز کے وعدے کی علامت ہے ، ہماری گہری اور پائیدار دوستی کی بدولت پاکستان اور چین ایک بہتر دنیا کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم میں متحد ہیں، ہم مل کر عالمی امن، خوشحالی اور ہم آہنگی کے لیے بامعنی شراکت کرتے رہیں گے ۔وزیراعظم نے دعا کی یہ سال ہماری دو عظیم قوموں کیلئے خوش نصیبی اور مسلسل کامیابیاں لائے اور ہمارے عوام کے مابین اٹوٹ رشتوں کو مزید مضبوط کرے ۔ مشترکہ مستقبل کے لئے پاکستان اورچین ایک ساتھ ہیں۔ دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم سکیورٹی اجلاس ہوا، افغان پالیسی و دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں سکیورٹی حکام اعلیٰ افسر ، وزیر داخلہ ،اطلاعات، خارجہ امور بھی موجود تھے ۔ سرحدی اور اندرونی سکیورٹی پر غور اور مشاورت کی گئی ،افغان پالیسی سمیت اہم خارجہ امور بھی زیر بحث آئے ۔ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی۔ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے انخلا اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔