عمران آئیگا سب ٹھیک کریگا وزیر اعلیٰ پختو نخوا ،طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

عمران آئیگا سب ٹھیک کریگا  وزیر اعلیٰ پختو نخوا ،طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان

پشاور(دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان آئے گا، سب ٹھیک کرے گا، ریاست کو بھی کہتا ہوں نظریات کو قید نہیں کر سکتے ۔

خیبر پختونخوا گیمز 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ اصول، اخلاقیات اور نظریات زندگی کا حصہ ہے ، آج وہ شخص جس کو بے گناہ قید کیا ہوا ہے وہ ہمارے درمیان موجود ہے ، عمران خان قوم کے دلوں میں ہے وہ نظریہ سوچ ہے ۔قبل ازیں، علی امین نے قیوم سٹیڈیم پشاور سے رنگا رنگ تقریب میں خیبر پختونخوا گیمز 2025 کا آغاز کیا۔ تقریب میں صوبائی کابینہ اراکین، پارلیمنٹیرینز، سرکاری حکام، کھلاڑیوں اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کھلاڑیوں کی تعداد اور مقابلوں کے لحاظ سے یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں مجموعی طور پر 2380 کھلاڑی مد مقابل ہوں گے جن میں 1043 خواتین کھلاڑی شامل ہیں۔خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے وزیر اعلیٰ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے کے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا۔ایک بیان میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد دیں گے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز حکومت پختونخوا کی طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے ۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، حکومت پنجاب بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود اپنی آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں