توشہ خانہ ٹو :عمران کی کیس دوسرے بینچ کو بھیجنے کی استدعا پھر مسترد
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری ٰبی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے فوری بینچ تبدیل کرنے کی استدعا پھر مسترد کرتے ہوئے درخواست گزاروں کے وکلا سے اس نکتے پر معاونت طلب کر لی۔
جسٹس انعام امین منہاس نے بریت درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،جس میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی کہ یہ بینچ بریت درخواست پر سماعت نہ کرے اور نئے بینچ کی تشکیل کے لیے معاملہ واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا جائے کیونکہ اس سے قبل توشہ خانہ ٹو سے متعلقہ درخواستیں اسی ہائیکورٹ کا دوسرا بینچ سن چکا ہے ،جسٹس انعام امین منہاس نے تحریری حکم نامے میں لکھا سپریم کورٹ کے فیصلے ہیں کہ بینچ پر اعتراض کی صورت میں جج نے خود فیصلہ کرنا ہے کہ وہ بینچ سے الگ ہو یا نہ ہو،عدالت نے بینچ پر اعتراض کے نکتے پر مزید معاونت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی،نئی تاریخ رجسٹرار آفس بعد میں مقرر کرے گا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی اور بشری ٰبی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں سزا کیخلاف اپیلیں، اعتراضات عائد کرتے ہوئے واپس کر دیں۔
اور آفس اعتراضات دور کر کے دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کی ہے ،رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا ہے کہ اپیلوں کیساتھ سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کہ یہ کیس کسی دوسری عدالت میں زیر سماعت نہیں،کچھ صفحات پر دستخط نہ ہونے کا اعتراض بھی عائد کیاگیا ہے ۔سول جج مرید عباس کی عدالت میں زیر سماعت بانی کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس میں فاضل جج کی عدم دستیابی کے باعث سماعت ملتوی کردی گئی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران فاضل جج کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت بغیر کارروائی 12 فروری تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔پولیس کیجانب سے رپورٹ عدالت میں جمع نہ کروائی گئی۔بانی پی ٹی آئی کیخلاف سیشن جج زیبا چودھری کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما لطیف کھوسہ کی بانی سے جیل میں ملاقات کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر آرڈر جاری کیا جائے گا۔
انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت سے دھوکہ دینے کے شوکاز نوٹس کی کارروائی مکمل ہونے تک بانی کی وکیل مشال یوسفزئی کے عدالت داخلہ پر پابندی عائد کر دی ۔عدالت سے غلط بیانی پر معاملہ خیبر پختونخوا بار کو بھجوانے کا حکم دیا ہے عدالت نے مقدمہ میں نامزد 3 ملزموں کی بریت کی درخواستیں بھی خارج کردی ہیں ۔جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت میں اجازت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے عدالتی کارروائی دیکھی ۔ سماعت کے دوران شیخ رشید بانی سے ملے ۔ شیخ رشید ، علیمہ خان سے بھی ملے ۔ تینوں بہنیں علیمہ خان ، عظمیٰ خان ، نورین خان قاسم زمان عدالت آئے اور کارروائی دیکھی اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی ۔ملاقات کرنے والوں میں زرتاج گل،شبلی فراز ،کنول شوذب، واثق قیوم ، اجمل صابر ، امجد نیازی ، اشرف سوہنا ، شہریار آفریدی، خالد یوسف ، ایڈووکیٹ فیصل چودھری اور دیگر بھی ملے ۔