یوم آزادی:شہروں کی سجاوٹ جاری،صفائی کے بھی بہترین انتظامات کئے جائیں:مریم نواز
لاہور (دنیا نیوز، خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ یومِ آزادی پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے کے شہروں میں سرکاری و نجی عمارتوں، پارکس، چوکوں، بازاروں اور شاہراہوں کو جھنڈوں اور جھنڈیوں سے سجانے کا سلسلہ جاری ہے ۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات کے دوران عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے فیمیلیز کی آمد کے پیش نظر عوامی مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے عمدہ انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔مریم نواز نے پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جشن آزادی کی تقریبات اور ریلیوں میں شہری تنظیموں کی بھرپور معاونت کی جائے ۔ پنجاب کے شہروں اور دیہات میں جشن آزادی کے رنگ قوس و قزح کی مانند بکھر چکے ہیں۔ عوام گھروں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں، جبکہ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، ٹرالیوں اور ٹرکوں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے ۔برقی قمقموں اور چراغاں نے علاقوں اور عمارتوں کے حسن کو دوبالا کر دیا ہے ۔ لاہور، راولپنڈی، مری، کوٹلی ستیاں، جھنگ، لیہ، سیالکوٹ، مریدکے ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، جہلم، چکوال اور اٹک میں سجاوٹ کے خوبصورت مناظر شہریوں کے لیے تفریح کا باعث بنے ہیں۔فیصل آباد، خانیوال، بہاولپور، ملتان، بھکر، منڈی بہاؤالدین اور سرگودھا میں بھی بازار، گلیاں، راستے اور چوراہے سجا دئیے گئے ہیں۔
قومی یادگاروں پر چراغاں کیا گیا ہے اور شام ہوتے ہی شہری یہ مناظر دیکھنے کے لیے سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، معدنیات اور آئی ٹی خدمات میں تجارت کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی روابط اور دوطرفہ تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور دیرپا شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ آسٹریلیا میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے ترقی کے مواقع حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی روابط کو بھی فروغ دیا ہے ۔مریم نواز نے مزید کہا کہ آسٹریلیا پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم منزل ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دی جانی چاہیے ۔ پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں۔حکومتِ پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار ہیں۔