مقتدرہ سے اب پی ٹی آئی کی سیٹلمنٹ نہیں ہو سکتی :شیر افضل
حکو مت ا سٹیبلشمنٹ کے پیچھے چھپ رہی، کارکردگی بتائے :شوکت یوسفزئی پی ٹی آئی جتھے کی طرح قبول نہیں :اختیار ولی ، ٹو نائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے با نی پی ٹی آئی کو کہا تھا جتھے نہیں لا سکتا ، سہیل آفریدی کو اس لیے لایا گیا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کریں ، سہیل آ فریدی کو کوہاٹ جلسہ میں لوگوں نے بات نہیں کرنے دی ،مطالبہ کیا کہ ڈی چوک جانے کا ا علان کریں ، انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ دنیا نیوز کے پروگرام ٹو نائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل نے کہا سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا کیا گیا ، سوشل میڈیا کے بیانیے نے تحریک انصاف کی سیاست کو جلا کر رکھ دیا ، وثوق سے کہتا ہوں مقتدرہ سے اب پی ٹی آئی کی سیٹلمنٹ نہیں ہو سکتی ، پی ٹی آئی اب توبہ بھی کر لے تب بھی شاید فائدہ نہ ہو، منگل کو بانی پی ٹی آئی کی بہنیں بھی اڈیالہ نہیں جائیں گی ،یہاں گورنر راج لگنے کو ہے ، گورنر راج لگے گا تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے گفتگو میں کہا سب جانتے ہیں ملکی حالات کس طرف جا رہے ہیں ، لوگ تکلیف میں ہیں ، موجودہ حکومت ڈلیور نہیں کر سکتی ، وفاقی حکو مت اسٹیبلشمنٹ کے پیچھے چھپ رہی ہے ، حکومت اپنی کارکردگی بتائے ، سہیل آفریدی کو نہ کہے انہوں نے کیا کیا ، تین سالوں میں شہباز حکومت نے کون سی دودھ کی نہریں بہا دی ہیں ، آئی ایم ایف نے 5300 ارب کی کرپشن کا بتایا ہے اس پر ابھی تک حکومت کا کوئی جواب نہیں آیا ۔ کوآرڈینیٹر وزیر اعظم اختیار ولی خان نے کہا کہ مسلم لیگ نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ، جس سٹرک پر پی ٹی آئی والے سفر کرتے ہیں اسے موٹر وے کہتے ہیں یہ ہم نے بنائی ، پی ٹی آئی اگر اب سیاسی بننا چاہتی ہے تو یہ اچھی بات ہے ، سیاسی لیڈر کو سیاسی گفتگو ہی کرنی چاہیے ، تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت کے طور پر تو قبول ہے لیکن جتھے کی طرح ملکی سلامتی پر حملہ آور ہونے پر اس کے لیے کوئی ٹالرنس نہیں ۔