اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ اکاؤنٹس کی تعداد 5 لاکھ ریکارڈ
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)ملکی سرمایہ بازار نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔ اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ اکاؤنٹس کی مجموعی تعداد پہلی مرتبہ 5 لاکھ کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ۔
اعدادوشمار نیشنل کلیئرنگ کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے جن کے مطابق سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی نے مارکیٹ میں وسعت اور گہرائی دونوں میں اضافہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق فروری2026ء کے دوران 20 ہزار 240 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے جو سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں تیزی کی عکاسی کرتے ہیں۔ دوسری جانب سہولت اکاؤنٹس کی تعداد 35.96 فیصد اضافے سے 7 ہزار 278 رہی جب کہ نارمل اکاؤنٹس میں 63.88 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ان کی تعداد 12 ہزار 929 تک پہنچ گئی۔ کارپوریٹ اکاؤنٹس میں بھی معمولی مگر مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی اور 0.16 فیصد اضافے کے ساتھ 33 نئے کارپوریٹ اکاؤنٹس کھولے گئے ۔ اعدادوشمار کے مطابق نئے سرمایہ کاروں میں مردوں کی شرح 87 فیصد جبکہ خواتین کی شرح 13 فیصد رہی،اسکے علاوہ عمر کے اعتبار سے 18 سے 30 سال کے نوجوان سب سے آگے رہے صوبائی سطح پر سب سے زیادہ نئے اکاؤنٹس پنجاب سے کھولے گئے جن کی تعداد 10 ہزار 539 رہی جبکہ سندھ 6 ہزار 332 اکاؤنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ اسلام آباد سے ایک ہزار 538،خیبر پختونخوا سے ایک ہزار270، بلوچستان سے 253 اور آزاد کشمیر سے 195نئے اکاؤنٹس رجسٹرڈ ہوئے ۔