امریکی و یورپی سٹاک مارکیٹس مستحکم،ایشیا میں شدید مندی

امریکی و یورپی سٹاک مارکیٹس مستحکم،ایشیا میں شدید مندی

سیول کا کوسپی 12 فیصد سے زیادہ گرا،دیگر ایشیائی بازار بھی منفی زون میں رہے

لندن،ٹوکیو،نیو یارک ،دبئی (اے ایف پی) ٹرمپ نے کہا کہ امریکی بحریہ آئل ٹینکروں کی حفاظت کرے گی اور شپنگ کیلئے انشورنس فراہم کی جائے گی جس کے بعد  امریکی اور یورپی سٹاک مارکیٹس بدھ کو مستحکم رہیں ، توانائی کی قیمتوں میں بھی ٹھہراؤ رہا ، گذشتہ تین دنوں میں آبنائے ہرمز بند ہونے کے سبب عالمی مارکیٹ میں تیل اور ایل این جی کی قیمتیں بڑھی تھیں، جس سے افراط زر کے خدشات پیدا ہوئے ۔بدھ کو وال سٹریٹ کے تینوں بڑے انڈیکسز اور یورپی سٹاک مارکیٹس میں اضافہ دیکھا گیا ، لندن سٹاک مارکیٹ صفر اعشاریہ 8 ، پیرس صفر اعشاریہ 9 اور فرانکفرٹ1اعشاریہ7فیصد بڑھ گئیں۔ایشیائی مارکیٹس شدید دباؤ میں رہیں، سیول کا کوسپی 12 فیصد سے زیادہ گرا، جاپان کا نکئی 225 تین فیصد سے زائد کم ہوا اور دیگر ایشیائی بازار بھی منفی زون میں رہے ۔ ہانگ سینگ 3 فیصد نیچے گیا ، سنگاپور، ممبئی، شنگھائی اور ڈھاکہ کی مارکیٹس میں بھی مندی کا رجحان رہا،دبئی اور ابو ظہبی کی سٹاک مارکیٹس بھی دو روزہ معطلی کے بعد گر گئیں، دبئی کی مارکیٹ میں چار فیصد سے زائد گراوٹ ، ابو ظہبی کا اے ڈی ایکس تقریباً دو فیصد نیچے رہا ،بینکنگ اور توانائی کمپنیز کے حصص شدید متاثر ہوئے ۔تجزیہ کاروں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے جنوب مشرقی ایشیا کی معیشت اور مارکیٹس پر سنگین اثر پڑ سکتا ہے ۔سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال میں منافع بچانے کیلئے حصص فروخت کر رہے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں