قلات :12بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک:آئی ایس پی آر
اسلام آباد (نامہ نگار،نیوزایجنسیاں)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق علاقہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی،آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12بھارت نواز دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے ،دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں سرگرمِ عمل تھے ۔علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کوئی اور بھارت نواز دہشت گرد موجود ہو تو اسے ختم کیا جائے ۔آئی ایس پی آرکاکہناتھاکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری کے مطابق عزم استحکام کے وژن کے تحت بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو مکمل طور پر ختم کیا جائے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ ریاست پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے ہر نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کا حتمی فیصلہ کر چکی ہے ،ہماری افواج ہمارا فخر ہیں، قوم کو اپنی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر ناز ہے ۔