2ماہ قبل اغوا کا مقدمہ کرانیوالے ڈی ایس پی کا بیوی ،بیٹی کے قتل کا اعتراف

2ماہ  قبل  اغوا  کا  مقدمہ  کرانیوالے  ڈی  ایس  پی   کا  بیوی ،بیٹی  کے  قتل  کا  اعتراف

مقتولہ کی ماں اور بہن کی استدعاپر عثمان حیدر کو شامل تفتیش کیاگیا،کاہنہ سے بیٹی،شیخوپورہ میں بیوی کی دفن لاشیں برآمد پلاٹ اور دیگر مطالبات کررہی تھیں ،طیش میں آکر مارڈالا:ملزم،قتل 25ستمبر کو ہوئے ،گاڑی سے خون اورشواہد ملے

لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں ڈی ایس پی عثمان حیدر کی بیوی اور بیٹی کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا،ڈی ایس پی ہی اپنی بیٹی اور بیوی کا قاتل نکلا اوراعتراف جرم بھی کرلیا کہ اس نے خود فائرنگ کرکے بیوی اور بیٹی کو قتل کیا،جس پر اسے گرفتارکرلیاگیا۔ عثمان حیدر نے 2ماہ قبل 18اکتوبرکو بیوی اور بیٹی کے اغوا کی ایف آئی آر تھانہ برکی میں درج کرا ئی تھی تاہم گزشتہ روز اعتراف جرم کرلیا کہ اس  نے فائرنگ کر کے بیوی اور بیٹی کو قتل کرکے لاشیں دفنادیں ،پولیس نے بیٹی کی لاش کاہنہ اور بیوی کی لاش شیخوپورہ سے برآمد کرلی۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ڈی ایس پی عثمان حیدر نے گھر یلو ناچاقی پر بیوی اور بیٹی کو قتل کیا، میاں بیوی میں عرصہ دراز سے ناچاقی چل رہی تھی۔ ڈی ایس پی نے دو شادیاں کر رکھی تھیں۔ مقتولہ عثمان حیدر کی پہلی بیوی تھی اوردونوں نے محبت کی شادی کی تھی تاہم دوسری شادی کے بعد جھگڑے شروع ہو گئے ، پولیس کا کہنا ہے تفتیش سے مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔قبل ازیں مقتولہ کی والدہ اور بہن کی عدالت میں استدعا پر پولیس نے ڈی ایس پی کو شامل تفتیش کیا تھا اوراس دوران اس نے اعتراف جرم کرلیا۔ عثمان حیدر نے 25ستمبر کو بیوی اور بیٹی کو اپنی گاڑی میں قتل کیا،واردات کے وقت بیوی فرنٹ اور بیٹی بیک سیٹ پر بیٹھی تھی اور گاڑی رنگ روڈ پر موجود تھی،ملزم نے پہلے بیوی کی لاش کو دفنایااورپھر بیٹی کی لاش کاہنہ کے علاقہ میلہ رام میں چھپائی ۔ دوہرے قتل کے بعد ملزم نے گاڑی کو صاف کیا اور شواہد ختم کرنے کی کوشش کی۔ملزم کے مطابق اسکی بیوی اور بیٹی پلاٹ لینے سمیت دیگر مطالبات کررہی تھیں ،میرے پاس کچھ رقم تھی جو بہن بھائیوں کی شادیوں پر خر چ ہوگئی ،طیش میں آکر دونوں کوقتل کردیا۔پولیس نے گاڑی قبضے میں لے لی جس سے خون کے نمونے اور دیگر شواہد ملے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں