پی ٹی آئی 8فروری کو دوبارہ 9مئی چاہتی ہے :رانا ثنا
اچکزئی ہمارے لئے قابل احترام، ہم تو گفت و شنید کیلئے تیار، وہ ہی نہیں آتے کسی کو ملک کا پہیہ جام نہیں کرنے دیا جائیگا:دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو
لاہور (دنیا نیوز )مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ لیڈر آف اپوزیشن کا پراسس شروع ہو چکا ہے ، اپوزیشن محمود اچکزئی کے ساتھ ہے تو وہ منتخب ہو جائیں گے ،مجھے بھی کوئی اس میں ابہام دکھائی نہیں دیتا ، سپیکر نے اسے فائنل کرنا ہے ،سپیکر کا دفتر اس پر کام کر رہا ہے ،ان کی تسلی ہو جاتی ہے تو وہ اعلان کر دیں گے ، شاید ایک دو دن سے زیادہ وقت نہ لگے ، دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اپوزیشن ارکان نے اس بارے فیصلہ کرنا ہوتا ہے کسے لیڈر آف اپوزیشن بنا نا چاہتے ہیں ، انہیں قبول ہے تو ٹھیک ہے ، اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ انہیں اکثریت حاصل ہے ، اچکزئی ہمارے لئے بھی قابل احترام ہیں ، ہم تو سالہا سال سے گفت و شنید کیلئے تیار ہیں ، وہ ہی اس پر نہیں آتے ،بانی ملاقات سے خو د انکاری ہیں ، ہم تو کرانا چاہتے ہیں وہ خود ہی نہیں کرنا چاہتے ، یہ 8 فروری کو 9 مئی دوبارہ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ عدالت کے احکامات کے مطابق جائیں تو ملاقات کرا دی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا میثاق جمہوریت کا مسودہ سامنے آئے گا تو اسے دیکھ لیں گے ، اگر ان کے پاس ہے تو ہمارے ساتھ شیئر کریں ، بات چیت کیلئے حکومت ہر وقت تیار ہے ، کسی کو ملک کا پہیہ جام نہیں کرنے دیا جائے گا ، جو اس کی کوشش کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی ، لگتا ہے اکا دکا لوگ نکلیں گے ، اگر ایسا ہوتا ہے تو انہیں پراسیکیوٹ کیا جائے گا ، احتجاج میں وائلنس شامل نہ ہو تو کوئی حرج نہیں ،مولا نا ان کے ساتھ کبھی نہیں نکلیں گے ، جو یہ کہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کہاں ہو رہی ہے تو ان کے ذہن میں خرابی ہے ، کون نہیں جانتا ملک میں کون دہشتگردی کروا رہا ہے ، دہشتگردی پر بریفنگ کیلئے خط لکھنا ان کی بدنیتی ہے ،ان کے اوپر تو لعنت بھیجنی چاہیے جو یہ پوچھے بتائیں پاکستان میں دہشتگردی کون کر رہا ہے ، یہ نیشنل سکیورٹی کی بریفنگ میں کیوں نہیں آتے ۔