پنجاب بھر میں پالتو شیر رکھنے کی قانونی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب بھر میں پالتو شیر رکھنے کی قانونی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ مریم نواز نے 8 سالہ بچے واجد کا بازو ضائع ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ننھے واجد کو گنگا رام ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جدید بائیونک آرم لگانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کو دانستہ چھپانے اور مقامی ہسپتال میں بازو کاٹنے پر سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ ننھے واجد اور والدین سے اظہار ہمدردی کیا اور بچے کی مکمل طبی دیکھ بھال کی ہدایت کی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ڈولا بریڈنگ فارم پر ہونے والے واقعے کو چھپانے کی کوشش کی گئی، افسوناک واقعے کی اطلاع فارم ہاؤس کے مالک نے پولیس یا وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ کو نہیں دی۔ انھوں نے کہا کہ پولیس اور محکمہ جنگلی حیات نے ملزم کو گرفتار کیا اور ایف آئی آر درج کی گئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتال میں بچے کے بازو پر زخم کی وجہ بھی غلط بتائی گئی، فارم ہاؤس کے مالک نے بچے کے والدین کو بھی جھوٹی کہانی سنانے پر مجبور کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے قانون سے وائلڈ کیٹس رکھنے کی شق ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔