ورلڈ کپ : پاکستان بنگلہ دیش کو اکسارہا ، راجیو شکلا کا الزام
ہم چاہتے تھے بنگلا دیش کھیلے سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن انکی حکومت نہ مانی،آخری لمحات میں شیڈول تبدیل کرنا مشکل تھا پاکستان بغیر وجہ مداخلت کر رہا ،بنگلا دیش کو گمراہ کرنیکی کوشش کی جا رہی جو سراسر غلط ہے ،نائب صدر بی سی سی آئی کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلادیش کی حمایت کرنے پر پاکستان پر پھٹ پڑے ۔بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو میں راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے تھے کہ بنگلا دیش کھیلے اور ہم نے مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، ہم نے کہا تھاکہ انہیں بھارت میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لیکن بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ان کی حکومت کہہ رہی ہے کہ ٹیم بھارت نہیں بھیج سکتے ۔ راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ چونکہ بنگلا دیش نے نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے آخری لمحات میں پورے شیڈول کو تبدیل کرنا بہت مشکل ہے ، یہی وجہ ہے کہ سکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا پاکستان بغیر کسی وجہ کے اس معاملے میں مداخلت کر رہا ہے اور بنگلادیش کو اکسا رہا ہے۔
راجیو شکلا نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا جو کہ سراسر غلط ہے ۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش نے عدم تحفظ کی بنیاد پر بھارت جانے سے انکار کردیا تھا اور اپنے تمام میچز سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش بورڈ کی درخواست رد کردی اور اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو گروپ میں شامل کرلیا۔دوسری جانب آئی سی سی ورلڈکپ سے بنگلادیش کی بے دخلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے احتجاج کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا ہے ۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی کی وزیر اعظم سے ملاقات میں تمام آپشنز کھلے رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔