کسٹمز انفورسمنٹ اسلحہ اور ناجائز کرنسی کا قلع قمع کرے ، ملک احمد

 کسٹمز انفورسمنٹ اسلحہ اور ناجائز کرنسی کا قلع قمع کرے ، ملک احمد

تجارت آج کے دور میں معیشت کی ضامن ،آسان بنایا جائے ، تقریب سے خطاب نیشنل سکیورٹی پر چوائسز کی گنجائش نہیں ہوتی،پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

لاہور(نیوز رپورٹر، سیاسی نمائندہ )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ کسٹمز انفورسمنٹ پوری طاقت کے ساتھ اسلحہ اور ناجائز کرنسی کا قلع قمع کرے ، پیسہ ہمیشہ انفورسمنٹ سے بھاگتا ہے لیکن جائز طریقے سے تجارت کرنے والوں کو سہولت دینا ادارے کا کام ہے ۔انٹرنیشنل کسٹم ڈے کے حوالے سے لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں بطور مہمان خصوصی سپیکر ملک محمد احمد خان نے شرکت کی ۔انٹرنیشنل کسٹم ڈے کے موقع پر کسٹم عملے کی جانب سے گارڈ اف آنر بھی پیش کیا گیا جبکہ چیف گیسٹ کی آمد کے موقع پر چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

انٹرنیشنل کسٹم ڈے کے موقع پر کسٹم میں سالانہ کارکردگی بیس پر افسروں اور عملے کو سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔ سپیکرپنجاب اسمبلی نے تقریب سے خطاب میں کہا کاروبار اسی وقت بہتر انداز میں چل سکتے ہیں جب تک انفورسمنٹ بہتر انداز میں معاملات کو چلائے ، پاکستان دنیا میں تجارت میں ممتاز حیثیت میں کھڑا ہے ،تجارت آج کے دور میں معیشت کی ضامن ہے اسے آسان بنایا جائے ،جب کوئی تجارت کرے گا تو اسے پتہ ہوناچاہئے پورٹس پر سلوک یا انفورسمنٹ کا رویہ کیا ہوگا ، اسلحہ، ناجائز کرنسی کا قلع قمع طاقت کے ساتھ کریں۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی ایک ایسا پیراڈائم ہے جس میں چوائسز کی گنجائش نہیں ہوتی، اگر کوئی بھی سیاسی ایوان ایسی چوائسز پیدا کرے گا تو اس سے قومی سلامتی کمپرومائز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا میں پاک افواج اور صوبائی حکومت کے درمیان کوئی فرق پیدا ہو رہا ہے تو اس کا سب سے بڑا بینیفشری وہی دہشت گرد نیٹ ورک ہے جس کے خلاف آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کوئی واضح آئیڈیالوجی نہیں،بسنت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وہ زور دیتے ہیں کہ ایسے مواد کا استعمال نہ کیا جائے جس سے انسانی جانوں کو نقصان پہنچے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں