نواز شریف، مریم نواز بسنت تقریبات میں شرکت کرینگے

نواز شریف، مریم نواز بسنت تقریبات میں شرکت کرینگے

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پنجاب حکومت نے لاہور میں بسنت کے انعقاد کیلئے منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور میں بسنت منانے کی تقریبات میں شرکت کرینگے۔

بسنت کی مناسبت سے سات فروری کو منعقد ہونے والی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی شرکت متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر دیوان عام میں بسنت کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔دیوان عام میں ہونے والی اس تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی شرکت کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اندرون شہر تاریخی حویلی آصف جاہ میں بھی بسنت کے حوالے سے الگ تقریب منعقد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آٹھ فروری کو حویلی آصف جاہ میں ہونے والی بسنت کی تقریب میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف شرکت کریں گے ۔اسی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی شرکت بھی متوقع ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جانب سے حویلی آصف جاہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں غیرملکی سفارتکاروں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔تقریبات کے انتظامات کی ذمہ داری پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کو سونپ دی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق پی ایچ اے کو دیوان عام اور حویلی آصف جاہ میں بسنت کی تقریبات کیلئے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔بسنت کی تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے حتمی انتظامات پر کام جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں