پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح، پورا ملک مستفید ہوگا : شہباز شریف ، انصاف اور معیار ہر دہلیز تک پہنچے گا : مریم نواز
عوامی خدمت ہمارانصب العین ، کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں:وزیراعظم،مریم نواز کیلئے ’’فل مارکس‘‘،علامتی سلیوٹ پیش کیا میرٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،صرف ایکسپورٹ بلکہ مقامی صارفین کو بھی معیاری اشیاء ملیں گی:وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی(PAFDA)کاباقاعدہ افتتاح کر دیا، لیبارٹری آپریشنز کی لانچنگ بھی کردی گئی جبکہ خواتین سائنسدانوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے پراجیکٹ کا سنگ بنیادبھی رکھاگیا۔ وزیراعظم کا کہناتھاکہ لیب سے پورا ملک مستفید ہوگا ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ انصاف اور معیار ہردہلیز تک پہنچے گا۔افتتاحی تقریب میں 20ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی،شہبازشریف نے اپنے خطاب میں مریم نواز کو فل مارکس دئیے اورعلامتی سلیوٹ پیش کیا۔وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔انہیں بریفنگ میں بتایا گیاکہ پی اے ایف ڈی اے میں 232سائنسدان،بیشتر گولڈمیڈلسٹ اور70فیصد خواتین سائنسدان ہیں،PAFDA کے قیام سے اشیا کے معیار کے تعین کیلئے غیر ملکی لیبارٹریز پر انحصار ختم ہوگا۔
پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی میں 4.4 ارب روپے سے 42ہائی ٹیک مشینیں لائی گئیں،مزید 565ہائی ٹیک مشینیں جلد مہیا کر دی جائیں گی۔ محفوظ پنجاب کے تصور کو حقیقی شکل دینے کے لئے 38اضلاع میں سٹیلائٹ کرائم سین یونٹ قائم کئے جارہے ہیں،2ارب روپے سے صوبے کا پہلا ویمن سائنٹسٹ ہاسٹل بنایا جائیگا۔ وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ عوامی خدمت ہمارانصب العین اورشفافیت کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے ،کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں،پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا ملک کے جس کونے میں بھی جائیں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ ن کی ہی مہر نظر آئے گی،پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا منصوبہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خدمت کیلئے بنایا گیا ہے۔
شہبازشریف کا کہناتھاکہ میرٹ اور شفافیت کسی بھی ملکی ترقی کیلئے ضروری ہیں، ماضی میں بدقسمتی سے قومی وسائل کا غلط استعمال کیا گیا،ادارے کرپشن کی نذر ہو گئے ،کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور ان کے ویژن کے مطابق پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ،شہباز شریف جدید پنجاب اور جدید پاکستان کے معمار ہیں ۔ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ادارے کا قیام ادارے میں موجود ہر فرد کی محنت کا مرہون منت ہے ،یہ صرف افتتاح نہیں بلکہ ترقی کا سفر ہے ،یہ عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے میرٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی محض سٹیل اورسیمنٹ کی بنی عمارت نہیں بلکہ گیم چینجرہے ،جس کا خواب شہبازشریف نے بطوروزیراعلٰی دیکھا، آج تعبیر دیکھ رہے ہیں،اس سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان مستفید ہوگا۔ وزیراعلٰی نے کہاکہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے 232سائنسدانوں میں 100سے زائد گولڈ میڈلسٹ اور28پی ایچ ڈی ہیں،پی اے ایف ڈی اے کے سائنسدانوں میں 70فیصد خواتین ہیں۔ اتھارٹی کے قیام سے نہ صرف ایکسپورٹ بلکہ مقامی صارفین کو بھی معیاری اشیاء ملیں گی،آٹا،چاول یا ادویات جو ایکسپورٹ کیلئے موزوں نہیں اسے یہاں بھی استعمال نہیں کیا جانا چاہئے ۔دوسری طرف مریم نواز کے نوٹس پر سرگودھا میں صفائی، سیوریج اور بیوٹیفکیشن کے ہنگامی اقدامات کر دئیے گئے ،صوبائی مشیر شعیب مرزا سرگودھا پہنچے اور کمشنرآفس میں ہنگامی اجلاس طلب کرکے احکامات جاری کئے ، صفائی اور سیوریج مسائل کے حل کیلئے تین دن کی ڈیڈ لائن مقررکردی گئی ۔