دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قوم کو متحد ہونا ہوگا ، پی ٹی آئی
عبادت گاہ کو نشانہ بنانا ایک نہایت بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ، بیان دشمن نے گہرا زخم لگایا ،پنجاب حکومت بسنت کا جشن منا رہی ، شیخ وقاص
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف نے شہزاد ٹائون اسلام آباد کی خدیجتہ الکبریٰ امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی ہے ۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں عبادت گاہ کو نشانہ بنانا ایک نہایت بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ہے جو دہشتگردوں کی درندگی اور پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم سازش کی عکاسی کرتی ہے ۔تحریک انصاف نے اس سانحے کو پورے ملک کے لیے ایک گہرا صدمہ قرار دیا۔تحریک انصاف نے دہشتگردی اور اس کے پیچھے موجود تمام عناصر کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھنائونے جرم میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ۔
پارٹی نے اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا ۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے دشمن نے دل پر گہرا زخم لگایا ہے ۔اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا دوسری جانب پنجاب حکومت اور اس کے ترجمان بسنت کا جشن مناتے نظر آ رہے ہیں، جو شہدا کے غم کو مزید گہرا کر رہا ہے ۔ موجودہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہو۔ یہ عہد ہم سب کو کرنا ہو گا۔