بھارت دہشتگردی میں ملوث، طالبان کے بیانات افسوسناک : دفتر خارجہ

بھارت دہشتگردی میں ملوث، طالبان  کے بیانات افسوسناک : دفتر خارجہ

اسلام آباد(دنیا نیوز،وقائع نگار)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان کے اندر دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، بھارت پاکستان مخالف پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، اسرائیلی اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ رواں ماہ سمجھوتا ایکسپریس کے حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ، پاکستان نے بھارتی حکومت کی سنگ دلی اور 4 مجرموں کی رہائی کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔انہوں نے کہا پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے اور دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں بھی پیش کئے جا چکے ہیں، قطر کی جانب سے پاک افغان مصالحت کی کوششیں خوش آئند ہیں، تاہم افغانستان کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں، پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح کی دھمکیوں کے مقابلے کے لئے مکمل تیار ہیں۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، خصوصاً کشتواڑ ضلع میں 3 نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت جعلی انکاؤنٹرز اور کسٹوڈیل کلنگز کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، پاکستان انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور بھارت کو اپنے اعمال کا جوابدہ بنائے گا۔ترجمان نے برطانوی پارلیمنٹ میں عمران خان کے حقوق کی خلاف ورزی پر ہونے والی بات چیت پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے معاہدات کا حصہ ہے اور اس طرح کے بیانات ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں، افغانستان میں پاکستانی شہریوں اور سفیروں کی سکیورٹی کے حوالے سے آگاہ ہیں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں