ایران امریکا مذاکرات کا تیسرا دور مکمل ، پیش رفت ہوئی :عمان
پیر کو ویانا میں تکنیکی سطح کے جوہری مذاکرات ہوں گے :ایرانی وزیر خارجہ رہبرِ اعلیٰ نے ایٹمی ہتھیار ممنوع قرار دئیے ہیں ، کیسے بنا سکتے ؟:ایرانی صدر
جنیوا ،تہران (اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) عمان کے وزیر خارجہ بدر بن حمد البوسعیدی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تیسرے دور کے مذاکرات مکمل ہو گئے ہیںجن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بات چیت مثبت رہی ، اب اگلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذاکرات آئندہ ہفتے ویانا میں ہوں گے ۔ ان مذاکرات میں جوہری پروگرام اور ممکنہ پابندیوں سے متعلق تفصیلات پر غور کیا جائے گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے ساتھ تکنیکی سطح کے جوہری مذاکرات پیر سے ویانا میں اقوام متحدہ کی جوہری ایجنسی میں شروع ہوں گے ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران ہتھیار بنانے کا خواہشمند نہیں ہے جب کسی معاشرے کا مذہبی رہنما اعلان کرتا ہے کہ ہم ایٹمی ہتھیار کے پیچھے نہیں جائیں گے ، تو یہ موقف اعتقادی اور فقہی بنیاد پر ہے ، نہ کہ کوئی سیاسی حکمتِ عملی ہے جو بدل سکتی ہو۔پزشکیان نے کہا رہبرِ اعلیٰ نے ایٹمی ہتھیار ممنوع قرار دئیے ہیں ، کیسے بنا سکتے ہیں ؟، مذہبی رہنما اپنے عقیدے اور شرعی حکم کے خلاف بات نہیں کر سکتا۔ادھر امریکا اور ایران میں کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں ایک ڈالر فی بیرل بڑھ گئیں،برینٹ خام تیل 71اعشاریہ 1ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی بھی 65اعشاریہ6 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔