قائمہ کمیٹی:حج معاونین پر بریفنگ، زیارات آرگنائزر کی لسٹ طلب

قائمہ کمیٹی:حج معاونین پر بریفنگ، زیارات آرگنائزر کی لسٹ طلب

ریٹائرمنٹ کیلئے 60 برس کی عمر ہے تو معاونین کیلئے 45 سال کیوں؟ چیئرپرسن کمیٹی وزارت زیارت پیکیجز تشکیل دیتی نہ ہی فراہم کرتی ،سیکرٹری مذہبی امور کی بریفنگ

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ)قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے وفاقی وزیر سے حج معاونین و دیگر امور پر بریفنگ مانگ لی۔کمیٹی نے حج معاونین اور میڈیکل مشن کے انتخاب میں شفافیت کی ہدایت کرتے ہوئے زیارات آرگنائزر کی مکمل فہرست اگلے اجلاس میں پیش کرنے اور اقلیتوں کیلئے مختص فنڈز میں اضافے کی بھی سفارش کی ہے ۔ قائم مقام چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی نے وزیر مذہبی امور سے بریفنگ مانگتے ہوئے کہا کہ حج معاونین اور حج کے دیگر امور سے متعلق پیشرف سے آگاہ کیا جائے ۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ حج اور دیگر معاملات پر بہت سے تجربات کیے جارہے ہیں، وزارت حج کا ہر افسر نیا تجربہ کرتا ہے ۔شگفتہ جمانی نے کہا کہ تین برس سے حج خدمات کیلئے جس کمپنی سے معاہدہ کیا جارہا ہے وہ بلیک لسٹ ہوچکی ہے ، بتایا جائے کتنی کمپنیوں نے اس مرتبہ سروسز فراہمی کیلئے اپلائی کیا تھا۔

چیئرپرسن نے کہا کہ حج معاونین کیلئے 39 ہزار درخواستیں آئیں، 800 کا انتخاب کیا گیا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ حج معاونین کیلئے 45 برس کی شرط کیوں ہے ؟ ریٹائرمنٹ کے لیے 60 برس کی عمر ہے تو معاونین کیلئے 5 سال کیوں؟۔کمیٹی نے کہا کہ حج معاونین کیلئے جو تحریری امتحان لیا گیا وہ پرچہ فراہم کیا جائے ، وزیر مذہبی امور آئندہ اجلاس میں کمیٹی کر بریفنگ دیں۔ سیکرٹری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے آگاہ کیا کہ وزارت کا مینڈیٹ بنیادی طور پر ریگولیٹری نوعیت کا ہے اور یہ زائرین گروپ آرگنائزرز کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کی نگرانی تک محدود ہے ۔ وزارت نہ تو زیارت پیکیجز تشکیل دیتی ہے اور نہ ہی فراہم کرتی ہے ۔ بغداد اور کربلا معلیٰ میں زائرین کے لیے فسیلی ٹیشن دفاتر کے قیام کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ باضابطہ طور پر اٹھایا جا چکا ہے تاہم ان دفاتر کی فعالیت میزبان ممالک کی منظوری سے مشروط ہے ۔کمیٹی نے غیر رجسٹرڈ زائرین گروپ آرگنائزرز کی تفصیلات اور ان کی رجسٹریشن کے معیار سے متعلق جامع معلومات طلب کیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں