وزارت صحت کیلئے خریداری اختیارات محکموں کو منتقل

وزارت صحت کیلئے خریداری اختیارات محکموں کو منتقل

سینٹرل پروکیورمنٹ سسٹم ختم ،پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو خریداری کی اجازت فنانشل رولز ، تمام متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، ہدایت

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)وفاقی وزارتِ قومی صحت نے ترقیاتی منصوبوں اور ماتحت محکموں کے لئے قائم سینٹرل پروکیورمنٹ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ، وزارت نے ادویات، مشینری، آلات اور دیگر اشیاء کی خریداری کے اختیارات متعلقہ منصوبوں کے ڈائریکٹرز اور محکمہ جاتی سربراہان کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ۔وزارتِ قومی صحت کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق (CPS) کو فوری طور پر تحلیل کر دیا گیا ، اس نظام کو جولائی 2025میں PSDP کے تحت منصوبوں کی مرکزی خریداری کیلئے قائم کیا گیا تھا۔نئے فیصلے کے تحت اب تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور شعبہ جات کے سربراہان اپنے اپنے محکموں کے لئے ادویات،  آلات، مشینری اور دیگر ضروری سامان کی خریداری خود کرنے کے مجاز ہوں گے ،وزارت نے ہدایت کی ہے کہ خریداری کا عمل محکمانہ پروکیورمنٹ کمیٹیوں کے ذریعے مکمل کیا جائے اور اس دوران پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ای پروکیورمنٹ (EPAD) سسٹم کی سختی سے پابندی کی جائے ۔مزید ہدایت کی گئی ہے کہ خریداری کے عمل میں پی پی آر اے رولز ای ،پاک پروکیورمنٹ ریگولیشنز 2023 اور جنرل فنانشل رولز سمیت تمام متعلقہ قوانین پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔وزارت کے مطابق اس فیصلے کے بعد تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور محکموں کے سربراہان اپنے تفویض کردہ مالی اختیارات کے استعمال کے حوالے سے مکمل طور پر جوابدہ ہوں گے ۔ اس ضمن میں متعلقہ محکموں اور حکام کو باقاعدہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں