معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قوم کا متحد ہونا ناگزیر :یوسف گیلانی
تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائیں ، پوائنٹ سکورنگ نہ کریں دعا ہے پاکستان، امریکا اور ایران کی صلح کروانے میں کامیاب ہو جائے :خطاب،گفتگو
لاہور(کامرس رپورٹر،اے پی پی)چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ پاکستان نازک مرحلے سے گزر رہا ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قوم کا متحد ہونا ناگزیر ، تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو جائیں اور پوائنٹ سکورنگ نہ کریں ،ایران امریکا جنگ میں پاکستان کا ثالثی کا کردار ہی فتح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر لاہور میں افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔تقریب میں چیئرمین پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن راشد اسلام ،لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمن سہگل ، ملکی و غیر ملکی صنعتکار،تاجروں کے نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ دعا ہے پاکستان، امریکا اور ایران کے درمیان صلح کروانے میں کامیاب ہو جائے ، پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کے معاملات کا تعلق عدلیہ سے ہے ،اس وقت تمام سیاسی جماعتوں کو پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہیے ،پاک بھارت جنگ میں ایٹمی ملک ہونے کے باوجود پاکستان نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ،چیئرمین سینٹ کی گاڑی کا پروپیگنڈاکیا جا رہا ، یہ اپوزیشن لیڈر کیلئے خریدی گئی تھیں ۔