دیوار ٹوٹنے سے رکشہ نالے میں جاگرا،کمسن بچی جاں بحق
موچی گیٹ کے علاقہ میں 5سالہ معصومہ کھڑے رکشہ پر کھیل رہی تھی ڈرائیور زخمی، ہسپتال منتقل،حادثہ ٹھیکیدار کی غفلت سے پیش آیا:ذرائع
لاہور(کرائم رپورٹر،آئی این پی )موچی گیٹ کے علاقہ میں خستہ حال دیوار اچانک گرنے سے وہاں کھڑا ایک رکشہ قریبی نالے میں جا گرا جس کے نتیجے میں 5 سالہ بچی موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ رکشہ ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق حادثہ تعمیراتی کام کروانے والے ٹھیکیدار کی غفلت سے پیش آیا لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔تفصیلات کے مطابق موچی گیٹ کے علاقے میں نالے کی دیوار کیساتھ کھڑے رکشہ پر 5 سالہ معصومہ کھیل رہی تھی کہ اسی دوران سڑک کنارے موجود نالے کی دیوار ٹوٹ گئی اور رکشہ بچی سمیت نالے میں جا گرا جسکے نتیجے میں 5 سالہ بچی سر میں گہری چوٹ آنے سے جاں بحق ہو گئی۔ بچی کی والدہ اور دیگر اہلخانہ نے اپنی مدد آپکے تحت بچی کو نکالا تاہم وہ دم توڑ چکی تھی،بعدازاں ریسکیو اہلکاروں نے رکشے کو نکال کر زخمی ڈرائیور کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کی غفلت سے ہماری بچی کی جان گئی ،مجھے پیسوں کی آفر کی گئی ،مجھے یہ بھی کہا گیا کہ شور نہ ڈالیں یہ اتفاقی حادثہ ہے ،وزیر اعلی پنجاب سے اپیل ہے کہ یہاں پر ترقیاتی کام جلد مکمل کروائیں ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ دیوار کافی عرصے سے خستہ حال تھی اور گرنے کا خدشہ بھی موجود تھا لیکن متعلقہ اداروں نے بروقت اقدامات نہیں کئے ۔دوسری طرف واقعہ کے بعد ٹھیکیدار نے وہاں حفاظتی چادر لگا دی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہیہ حادثہ موچی گیٹ پارکنگ پلازہ کی دیوار گرنے کی وجہ سے پیش آیا، اہلخانہ کی درخواست موصول نہیں ہوئی ،جیسے ہی درخواست ملی کارروائی کرینگے ۔ واضح رہے کہ سٹی ڈویژن میں یہ مختصر عرصے کے دوران دوسرا بڑا سانحہ ہے ،اس سے قبل ایک ماں اور بیٹی بھی نالے میں گر کر جاں بحق ہو چکی ہیں ۔