دو روزہ لاک ڈاؤن اور کاروباری بندش کی خبریں بے بنیاد قرار:عطا تارڑ

 دو روزہ لاک ڈاؤن اور کاروباری بندش  کی خبریں بے بنیاد قرار:عطا تارڑ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر زیرِ گردش سمارٹ لاک ڈاؤن کے مبینہ نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا نوٹیفکیشن حکومت کی جانب سے جاری نہیں کیا گیا اور اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملک میں توانائی اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر ہفتے میں دو روزہ سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں اور یہ تجاویز آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔مزید کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن ہر ہفتے ہفتہ دوپہر 12 بجے سے اتوار رات 12 بجے تک نافذ ہوگا، جبکہ شادی بیاہ سمیت تمام کمرشل سرگرمیاں معطل رکھنے کی سفارش بھی شامل تھی۔اسی طرح کاروباری مراکز، دفاتر اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں کی بندش کی ہدایات بھی اس مبینہ نوٹیفکیشن کا حصہ تھیں۔وفاقی وزیرِ اطلاعات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور گمراہ کن اطلاعات پر یقین نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے جاری کردہ معلومات کو ہی اہمیت دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں