معاشی غیر یقینی:برآمدی منڈیوں میں تنوع ناگزیر ، میاں کاشف

معاشی غیر یقینی:برآمدی منڈیوں میں تنوع ناگزیر ، میاں کاشف

وسطی ایشیا ئی ممالک کے ساتھ تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھائی جاسکتی ہے ،بیان

لاہور (اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان آئندہ چند برسوں میں وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو موجودہ سطح سے تقریبا تین گنا بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جا سکتا ہے ۔ اتوار کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت وسطی ایشیائی خطے کے ساتھ براہ راست تجارت اپنی حقیقی صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہے اور زیادہ تر تجارت ٹیکسٹائل، غذائی مصنوعات اور محدود صنعتی اشیا تک محدود ہے ، جو کہ اقتصادی تعاون بڑھانے کی وسیع کوششوں کے برعکس ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ازبکستان اور قازقستان، جو اس خطے میں پاکستان کے 2 بڑے تجارتی شراکت دار ہیں، کے ساتھ ٹرانزٹ معاہدوں کے باوجود تجارت میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہو سکا، حالانکہ پاکستانی مصنوعات کی وہاں مسلسل طلب موجود ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں جاری تنازعات کے باعث پیدا ہونے والی معاشی غیر یقینی صورتحال، عالمی توانائی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، شپنگ روٹس میں رکاوٹوں اور مالیاتی منڈیوں کی غیر استحکام نے پاکستان کے لیے یہ ناگزیر بنا دیا ہے کہ وہ اپنی برآمدی منڈیوں کو متنوع بنائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں