مارکیٹیں 6 بجے بند کرنے پر غور، وزیراعظم کی زیرصدارت آئندہ ہفتے اجلاس
لاہور،اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت کی جانب سے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت ملک بھر میں مارکیٹس اور کاروباری مراکز کو جلد بند کرنے کی تجویز پر پیش رفت شروع ہو گئی ہے۔۔۔
جبکہ صوبائی حکومتوں نے تاجروں اور کاروباری حلقوں سے مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ذرائع کے مطابق وفاق نے تجویز دی ہے کہ مارکیٹس کو شام 6 بجے یا زیادہ سے زیادہ رات 8 بجے تک بند کر دیا جائے ، تاکہ بجلی اور ایندھن کی کھپت میں کمی لائی جا سکے ۔ صوبائی حکومتیں اس تجویز پر تاجر تنظیموں، چیمبرز آف کامرس اور مختلف کاروباری شعبوں کے نمائندوں سے رائے لے رہی ہیں۔ اس معاملے پر حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا جائے گا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں صوبوں کی تجاویز اور تاجر برادری کے تحفظات کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد یہ طے کیا جائے گا کہ مارکیٹس شام 6 بجے بند ہوں گی یا رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔