’’اسلام آباد ٹاکس‘‘ایکس پرٹاپ ٹرینڈ ،عالمی میڈیا بھی معترف
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی) پاکستان کی جانب سے ایران سے متعلق جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے کے بعد’’اسلام آباد ٹاکس‘‘ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا جبکہ عالمی میڈیا کی جانب سے امن و استحکام کیلئے۔۔۔۔۔
پاکستان کے بطور نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کردار کی بھر پور ستائش کی گئی اورکہاگیاکہ پاکستان نے شاندار ملٹری ڈپلومیسی اور موثر سفارتکاری سے اقوام عالم کو متاثر کن جنگ سے بچا لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے پاکستانی حکومت اور عسکری قیادت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پاکستان کو عالمی امن کا سفیر قرار دیا اورکہا کہ پاکستان نے امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے بروقت اور موثر اقدامات کئے ۔ مبصرین کے مطابق اسلام آباد ٹاکس کا عالمی سطح پر ٹاپ ٹرینڈ بننا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں کو دنیا بھر میں نہ صرف تسلیم کیا جا رہا ہے بلکہ اسے بھرپور پذیرائی بھی حاصل ہو رہی ہے ۔ماہرین نے کہا کہ جنگ بندی میں پاکستان کاکلیدی کردارنہ صرف ملک کاوقاربلندکرتاہے بلکہ خطے کے معاشی اوردفاعی مفادمیں ہے ، یہ بات انتہائی قابل ستائش ہے کہ دنیامیں امن کے فیصلے اب پاکستان میں ہوں گے ۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق پاکستان نے حالیہ جنگ کے خاتمہ کیلئے بہترین کردار ادا کیا اورڈونلڈ ٹرمپ نے حملے روک دئیے ہیں۔عالمی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ایک طاقتور ثالث کے طورپر ابھر کر سامنے آیا ہے ۔فاکس نیوز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کے بعد لڑائی کو روک رہے ہیں ۔بی بی سی نے کہا ہے کہ پاکستان کئی ہفتوں سے خطے میں امن و استحکام کیلئے دن رات کاوشوں میں مصروف رہنے کے بعد کامیاب ہو گیا ۔ گلف نیوز کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات کے باعث خود کو امن کے ایک بااعتماد ضامن کے طور پر منوا یا ہے ۔ٹی آر ٹی ورلڈ نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے کو تباہ کن خطرات سے بچانے کیلئے ایک تاریخی مصالحتی اور نتیجہ خیز کردار ادا کیا ہے ۔بھارتی جریدہ دی ہندو نے بھی جنگ کے خاتمے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کو اجاگر کیا۔