چینی کمپنی کا ٹائر صنعت میں 120 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان
پاکستان امریکہ کو ٹائر برآمد کرنے والا پانچواں بڑا ملک بن چکا ، جام کمال، وفد سے گفتگو
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے سروس لانگ مارچ ٹائرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے چیئرمین مسٹر جن یونگ شینگ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے پاکستان میں مزید 120 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جو ملک کی صنعتی اور معاشی صلاحیت پر اس کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ وفد نے بتایا کہ کمپنی جون 2026 تک 70 ملین ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے قریب ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں 100 ملین ڈالر سے زائد برآمدات کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس سے یہ کمپنی قلیل مدت میں پاکستان کے نمایاں نان ٹیکسٹائل برآمد کنندگان میں شامل ہو سکتی ہے ۔وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو ٹائر برآمد کرنے والا پانچواں بڑا اور برازیل کو ساتواں بڑا برآمد کنندہ بن چکا ہے جو چند سال قبل تقریبا نہ ہونے کے برابر موجودگی سے ایک بڑی پیش رفت ہے۔