لگتا ہے پختونخوا اسمبلی کا اگلا اجلاس مویشی منڈی میں ہوگا، کنڈی
صوبے میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے نمائشی اقدامات کیے جا رہے کرپشن کا بازار گرم ، بعض عناصر تاحیات مراعات کی باتیں کر رہے :میڈیا سے گفتگو
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا لگتا ہے صوبائی اسمبلی کا اگلا اجلاس مویشی منڈی میں ہوگا،سیاسی سرکس لگایا ہوا ہے ، سٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس کے اخراجات بچا کر یونیورسٹی ملازمین کو تنخواہ دی جاسکتی تھی، صوبے میں عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور نمائشی اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ حالیہ اجلاس حکومت کے خلاف تھا یا سپیکر کے خلاف، کیونکہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے ہی خلاف اجلاس بلا لیا گیا۔ صوبے میں سیاسی جماعت کے اندر اختلافات کھل کر سامنے آ چکے ہیں اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے لیے ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کرپشن کا بازار گرم ہے اور بعض عناصر تاحیات مراعات لینے کی باتیں کر رہے ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ہفتہ کے روز پشاور میں پاکستان انٹرنیشنل پراپرٹی ایکسپو کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا پشاور میں ریئل اسٹیٹ سے متعلق عالمی معیار کی نمائش نے پاکستان کا مثبت اور متحرک چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔