ہائیکورٹ:دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن کا حکم
نئے سی ٹی او کو ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو مزیدبہتر بنانے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا شہریوں کی گاڑیوں کے بلا وجہ چالان کئے جا رہے ، جسٹس شاہد کریم کے ریمارکس
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سما عت کے دوران دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے احکامات جاری کر دئیے ،عدالت نے 7مئی کو عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے نئے سی ٹی او کو ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو مزیدبہتر بنانے کا حکم بھی دیدیا، عدا لت نے ریمارکس دیئے کہ شہریوں کی گاڑیوں کے بلا وجہ چالان کئے جا رہے ہیں، سی ٹی او کو اپنا فوکس ٹریفک کی روانی پر رکھنا چاہیے ،مال روڈ پر زیبرا کراسنگ پر کھڑی گاڑیوں کو نہیں روکا جاتا ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سنجیدہ اقدامات ضروری ہیں ، حکومت کو چاہیے چیزیں چھپانے کے بجائے انہیں بہتر کرے ،پی ایچ اے کو درختوں کی کٹائی پر آگاہی مہم کا آغاز کرنا چاہیے ، شہر کے پارکس بحال کرنے کی ضرورت ہے۔