صوبوں کو مساوی وسائل دئیے بغیر ترقی ناممکن:اچکزئی
ملک کو سیاسی و انتظامی مسائل سے نکالنے کا واحد حل آئین کی بحالی افغانستان کو پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا:جلسے سے خطاب
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کو وسائل اور اختیارات میں مساوی حصہ دئیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔چمن میں گورنمنٹ ماڈل سکول گراؤنڈ میں جلسے سے خطاب میں محمود خان اچکزئی نے کہا ملک کو سیاسی و انتظامی مسائل سے نکالنے کا واحد حل 73 کے آئین کی بحالی میں ہے ، منتخب پارلیمنٹ کو ہی طاقت کا سرچشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کو پاکستان کی خود مختاری کا احترام کرنا ہوگا، پاکستان اور افغانستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، مذاکرات ہی خطے میں امن و ترقی کی ضمانت بن سکتے ہیں۔محمود اچکزئی نے کہا سرحدی علاقوں میں ٹریڈ فری زون قائم کرنے کی ضرورت ہے ، قبائل کو معاشی طورپرمستحکم کرنے کیلئے ٹیکس میں رعایت دینے کی ضرورت ہے ۔ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان میں تمام اقوام کو برابری کے حقوق دینے کی ضرورت ہے اور چاروں صوبوں کو وسائل اور اختیارات میں مساوی حصہ دیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔