اسٹاک ایکسچینج :تیزی، ایک لاکھ 73ہزار کی حد بحال
سرمایہ کارمتحرک،2237پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس 173,962پربند 490 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ،298میں اضافہ،161کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ای)میں عیدکی چھٹیوں کے بعد زبردست تیزی دیکھی گئی، اس دوران 100 انڈیکس1لاکھ 73ہزار کی سطح پر بحال ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آخر ی روز کا آغاز اتار چڑھاؤ کے ساتھ ہوا۔ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس انٹرا ڈے کی کم کی ترین سطح 171,545.46 پوائنٹس تک گرگیا کیونکہ سرمایہ کار ابتدا میں محتاط دکھائی دیے ۔ بعد ازاں سرمایہ کاروں کے اعتماد میں تیزی سے بہتری آئی جس کے باعث پورے سیشن کے دوران مارکیٹ مسلسل اوپر کی جانب بڑھتی رہی۔ٹریڈنگ کے دوسرے سیشن میں تیزی کا رجحان مزید مضبوط ہوگیا۔اس دوران 100 انڈیکس 174,000 کی سطح عبور کرتے ہوئے 174,106.34 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا،اگرچہ سیشن کے اختتام کے قریب کچھ پرافٹ ٹیکنگ دیکھی گئی تاہم مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا۔کاروبار کے اختتام پرایس ای 100 انڈیکس 2,237.52 پوائنٹس یا 1.30 فیصد کی کمی سے 173,962.81 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی ۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیزکے مطابق یہ مثبت رجحان اس امید کے باعث ہے کہ امریکہ اور ایران جلد امن معاہدہ کرنے کے قریب پہنچ رہے ہیں۔مجموعی طور پر 490 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں سے 298 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ، 161 میں کمی اور 31 میں استحکام رہا۔